عازمین حج کے لیے تربیتی کیمپ، صحت کی جانچ اور ٹیکہ کاری کا آغاز، 18 اپریل سے ہوگی روانگی

عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے کا دوسرا مرحلہ ماہ رمضان  المبارک کے بعد شروع ہوگا جس میں علاقائی سطح پر دہلی کے مختلف حصوں میں عازمین حج کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے دفتر میں میٹنگ کا منظر، فائل تصویر</p></div>
i
user

پریس ریلیز

نئی دہلی: مقدس ماہ رمضان کے قریب آتے ہی حج بیت اللہ کی تیاریوں میں تیز رفتاری شروع ہو گئی ہے۔ دلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی کی جانب سے بتایا گیا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی نے ریاست دہلی سے مقدس فریضہ حج بیت اللہ کے لیے جانے والے عازمین حج کو حج سے متعلق ارکان اور معاملات و مسائل کی تربیت فراہم کرنے کے لیے 2 فروری سے 17 فروری تک حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا ہے۔ اس تربیتی پروگرام میں دہلی کے مختلف علاقوں کے عازمین حج کو الگ الگ دنوں میں مدعو کر کے مفصل تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ اس ضمن میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو آفیسر محسن علی، حج کمیٹی کے آفیشیل ٹرینر کے علاوہ معروف فٹنس ٹرینر ڈاکٹر بدرالاسلا کیرانوی، مفتی شمیم احمد قاسمی، عالمہ صبیحہ صالحاتی اور خاتون فٹنس ٹرینر کوثر نے مختلف سیشن میں عازمین حجاج کے لیے تربیت فراہم کی۔ عازمین حج کو تربیت فراہم کرنے کا دوسرا مرحلہ ماہ رمضان  المبارک کے بعد شروع ہوگا جس میں علاقائی سطح پر دہلی کے مختلف حصوں میں عازمین حج کو تربیت فراہم کی جائے گی۔

ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق عارفی نے بتایا کہ اس درمیان عازمین کو ویکسین لگانے اور وزارت صحت و وزارت حج و عمرہ حکومت سعودی عربیہ کی عازمین حج کی صحت سے متعلق ہدایات کے تحت وزارت صحت و خاندانی بہبود سے جاری وزارت صحت حکومت ہند کے رہنما خطوط کی روشنی میں محکمہ صحت حکومت دہلی کے ذریعے دہلی کے مختلف سرکاری اسپتالوں میں حجاج کی خصوصی صحت جانچ بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اس کے لیے تمام عازمین حج سے اپیل کی گئی ہے کہ رمضان المبارک کے روزوں کی ابتدا سے پہلے پہلے اپنی صحت کی جانچ اور ویکسین لینے کا عمل ضرور مکمل کروا لیں تاکہ تاخیر ہونے کی صورت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


حج 2026 کے عازمین کو وزارت اقلیتی امور اور حج کمیٹی آف انڈیا کی جانب سے اپنی پسند اور سہولت کی حج پرواز خود ہی بُک کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ حج بیت اللہ کی تاریخ میں پہلی بار اس سہولت کی فراہمی نہ صرف عازمین حج کے لیے اطمینان کا باعث ہوگی بلکہ سعودی عربیہ میں حج انتظامات میں مصروف انتظامیہ کو بھی حجاج کی رہائش کے بروقت تعین میں بھی معاون ثابت ہوگی۔ اس سال حج کے دوران قیام حج کے بنیادی 5 ایام، یعنی ایام حج کے دوران قیام میں بھی قیام کی بہتر سہولیات میسر ہوں گی، جس کے تحت ہر حاجی کو مخصوص اور متعین سوفہ بیڈ اور سامان رکھنے کے لیے بالائی ریک بھی دیے جائیں گے۔ حج 2026 کے دوران دیگر قابل ذکر تبدیلیوں میں مکہ میں خواتین اور مردوں کا الگ الگ کمروں میں قیام اور گزشتہ برسوں کے برعکس خود سے کھانا بنانے کی ممانعت اور کھانا بنانے کے لیے راشن، گھی، تیل، مسالہ اور دیگر اشیاء لے کر حج پر جانے پر پابندی بھی شامل ہے۔