قومی خبریں

’راوَن دَہَن‘ میں بارش نے ڈالا خلل، دہلی اور پٹنہ سمیت کئی شہروں میں بھیگ کر ٹوٹ گئے پُتلے

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے گاندھی میدان میں راوَن کو جلانے کی تیاری چل ہی رہی تھی کہ آسمان میں سیاہ بادل چھا گئے اور پھر موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے راوَن کا سر جلنے سے پہلے ہی ٹوٹ گیا۔

<div class="paragraphs"><p>پٹنہ کے گاندھی میدان میں راوَن کا ٹوٹا ہوا سر</p></div>

پٹنہ کے گاندھی میدان میں راوَن کا ٹوٹا ہوا سر

 

تصویر: سوشل میڈیا

آج دسہرے کا تہوار ملک بھر میں پورے دھوم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ ہندوستان کے کئی شہروں میں ’راوَن دَہَن‘ اور میلہ کی تقریب بھی منعقد کی گئی، لیکن کئی مقامات پر بارش نے خلل ڈال کر لوگوں کا مزہ خراب کر دیا۔ ملک کی راجدھانی دہلی اور این سی آر ہی نہیں، بہار اور اتر پردیش جیسی ریاستوں میں کئی جگہ پر موسلادھار بارش کے سبب راوَن دہن کے لیے تیار مورتیاں نذرِ آتش کیے جانے سے پہلے ہی ٹوٹ گئیں۔

Published: undefined

میڈیا رپوٹس کے مطابق نوئیڈا، دہلی، پٹنہ اور اتر پردیش کے جونپور سمیت کئی شہروں میں اچانک ہوئی تیز بارش نے رام لیلا میدانوں میں کھڑے پُتلوں اور میلوں کو بری طرح متاثر کیا۔ نوئیڈا کے رام لیلا میدان میں تیز بارش ہوتے ہی راوَن، میگھ ناد اور کمبھ کرن کے مجسمے پانی میں بھیگنے لگے۔ ناظرین بھی بارش سے بچنے کے لیے اِدھر اُدھر بھاگتے دکھائی دیے۔ بارش نے میلے میں بدنظمی تو پیدا کی ہی، کئی لوگ جو راوَن کو جلتا ہوا دیکھنے پہنچے تھے، وہ میدان چھوڑ کر گھر لوٹتے ہوئے نظر آئے۔

Published: undefined

دہلی کے اندرپرستھ واقع رام لیلا میدان میں بھی بارش نے میلے کا رنگ پھیکا کر دیا۔ یہاں وزیر اعظم نریندر مودی کا سبھی ناظرین انتظار کر رہے تھے، لیکن ان کے پہنچنے سے پہلے ہی موسلادھار بارش ہونے لگی جس سے راوَن کا کنبہ اور دہشت گردی کی علامت والے پُتلے بھیگ گئے۔ بعد میں خبر آئی کہ بارش کے سبب پی ایم مودی کی آمد نہیں ہو پائے گی۔ لال قلعہ واقع رام لیلا میں بھی بارش نے رخنہ ڈالا۔ یہ بھی پُتلے بھیگنے لگے تھے، جس کے بعد منتظمین نے کسی طرح انھیں چھپانے کا انتظام کیا۔

Published: undefined

دہلی کے ’لو-کُش‘ رام لیلا میدان کی جو ویڈیوز سامنے آ رہی ہیں، اس میں شدید بارش کے سبب لوگ خود کو بچانے کے لیے کرسیوں، ہورڈنگز اور مختلف شیڈس کے نیچے کھڑے دکھائی دیے۔ ناظرین کسی بھی حال میں راوَن کو جلتا ہوا دیکھنا چاہتے تھے، لیکن اس تہوار کا مزہ بارش نے خراب ضرور کر دیا۔

Published: undefined

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں راوَن کو نذرِ آتش کرنے کی تیاری مکمل ہو چکی تھی۔ بڑے قد کا راون، کمبھ کرن اور میگھ ناد پٹاخوں سے بھر دیا گیا تھا، اچانک آسمان میں سیاہ بادل چھا گئے اور پھر موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے راوَن کا سر جلنے سے پہلے ہی ٹوٹ کر لٹک گیا۔ کمبھ کرن اور میگھ ناد کے پُتلے بھی پوری طرح بھیگ گئے۔ اس بارش نے گاندھی میدان میں اعلیٰ سطح پر معنقد ہونے والے ’راوَن دَہَن‘ پروگرام کو بری طرح متاثر کر دیا۔ بعد میں راوَن کے ٹوٹے ہوئے پُتلے کو ہی آگ کے حوالے کیا گیا۔

Published: undefined

اتر پردیش کے جونپور ضلع واقع شاہ گنج میں بھی رام لیلا میدان ناظرین سے بھرا ہوا تھا، جب اچانک موسلادھار بارش شروع ہو گئی۔ بارش کی وجہ سے پُتلا گر گیا تھا، لیکن منتظمین نے اسی حالت میں پُتلے کو نذرِ آتش کر دیا۔ اس دوران ناظرین نے چھاتا لے کر بارش میں بھیگتے ہوئے راوَن کو جلتے ہوئے دیکھا۔ دوسری طرف سنبھل میں بارش کے سبب راون، کمبھ کرن اور میگھ ناد کے پُتلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ اچانک ہوئی بارش نے رام لیلا میدان میں تیار بڑے سائز کے پُتلے پوری طرح بھیگ گئے۔

Published: undefined