
راہل گاندھی / آئی اے این ایس
لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف اور کانگریس کے سینئر رہنما راہل گاندھی پیر کی دیر رات اپنے پارلیمانی حلقے رائے بریلی پہنچے، جہاں ان کا پارٹی عہدیداروں اور عام لوگوں نے جگہ جگہ پُرجوش استقبال کیا۔ لکھنؤ ایئرپورٹ سے سڑک کے راستے رائے بریلی آتے ہوئے چُروُوا بارڈر، بچھراؤں قصبہ، ہرچند پور، گنگا گنج، سارس چوراہا اور سول لائن کے علاقوں میں کانگریس کارکنوں اور شہریوں نے پھول نچھاور کر کے ان کا خیر مقدم کیا۔ راہل گاندھی نے لوگوں کے جذبات کا جواب دیتے ہوئے سب کا شکریہ ادا کیا اور سیدھے بھوئے مئو گیسٹ ہاؤس پہنچ گئے، جہاں انہوں نے رات کا قیام کیا۔
Published: undefined
گیسٹ ہاؤس میں راہل گاندھی نے پارٹی عہدیداروں سے ملاقات کر کے تنظیمی سرگرمیوں اور موجودہ سیاسی صورتِ حال پر تفصیلی بات چیت کی۔ اس دوران پنچایت انتخابات کی تیاریوں، خصوصی گہری نظرثانی یعنی ایس آئی آر اور دیگر سیاسی امور پر بھی گفتگو ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ راہل گاندھی نے پارٹی قیادت سے زمینی سطح کی رپورٹ لی اور تنظیم کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
منگل کو راہل گاندھی ایک روزہ مصروف دورے کے تحت مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ صبح 8.30 بجے وہ گیسٹ ہاؤس میں پارٹی عہدیداروں، نمائندوں اور ووٹروں سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ رکنِ پارلیمان فنڈ سے مکمل ہونے والے تقریباً 3 کروڑ روپے کے ترقیاتی کاموں کا افتتاح کریں گے، جن میں سڑکیں، بارات گھر اور دیگر عوامی سہولتوں کے منصوبے شامل ہیں۔
Published: undefined
اس کےک بعد وہ آئی ٹی آئی کالونی میں واقع راجیو گاندھی اسٹیڈیم پہنچیں گے، جہاں سرکاری کرکٹ مقابلے کا افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر وہ نوجوان کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے ان کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ مقامی سطح پر کھیلوں کے فروغ کو لے کر اس پروگرام کو خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔
دوپہر کے وقت راہل گاندھی نگر پالیکا کے صدر شتروہن سونکر کی رہائش گاہ جائیں گے اور بعد ازاں روہنیا بلاک کے اُمرن گاؤں کا رخ کریں گے، جہاں وہ منریگا بچاؤ مہم کے تحت منعقد ہونے والی چوپال میں شرکت کریں گے۔
Published: undefined
یہ رائے بریلی سے انتخاب جیتنے کے بعد ان کی پہلی منریگا چوپال ہوگی۔ اس چوپال کے دوران وہ منریگا مزدوروں کی نظراندازی، اسکیم کے نام میں تبدیلی اور مرکز کی پالیسیوں پر براہِ راست بات کر سکتے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق پروگرام کے اختتام کے بعد راہل گاندھی گیسٹ ہاؤس واپس آئیں گے اور رات کا قیام وہیں کریں گے۔ اگلے دن 21 جنوری کی صبح آٹھ بج کر دس منٹ پر وہ دہلی کے لیے روانہ ہوں گے۔ کانگریس حلقوں میں اس دورے کو سیاسی طور پر اہم مانا جا رہا ہے، کیونکہ 2024 کے لوک سبھا انتخابات کے بعد یہ راہل گاندھی کا رائے بریلی کا چھٹا دورہ ہے۔
Published: undefined