ایل پی جی کی قلت پر دہلی کانگریس کا احتجاج، عارضی چولہے پر چائے بنا کر حکومت کے خلاف نعرے

دہلی میں کانگریس کارکنوں نے ایل پی جی کی قلت کے خلاف پارٹی ہیڈکوارٹر کے باہر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے عارضی چولہا جلا کر چائے بنائی اور مرکزی وزیر ہردیپ سنگھ پوری کے استعفے کا مطالبہ کیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر قومی آواز / وپن</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی میں کانگریس کارکنوں نے ایل پی جی سلنڈروں کی قلت کے خلاف زبردست احتجاج کرتے ہوئے انڈین نیشنل کانگریس کے مرکزی دفتر کے باہر مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے مرکزی حکومت پر الزام لگایا کہ وہ گھریلو گیس کی مناسب فراہمی یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے اور اس مسئلے پر عوام کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔

احتجاج کے دوران کارکنوں نے سڑک پر ایک عارضی چولہا قائم کیا اور علامتی طور پر اس پر چائے تیار کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس اقدام کے ذریعے وہ یہ دکھانا چاہتے ہیں کہ اگر گھروں میں گیس دستیاب نہ ہو تو لوگوں کو دوبارہ روایتی طریقوں سے کھانا پکانے پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔ اس موقع پر کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور کہا کہ گیس کی قلت نے عام لوگوں کی زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔

اس موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے سبب ملک اس بحران کا شکار ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج صورت حال یہ ہے کہ ہر رسوئی سے سلنڈر غائب ہوتا نظر آ رہا ہے اور لوگ گیس حاصل کرنے کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بعض مقامات پر گیس کے انتظار میں کھڑے افراد کی حالت تک خراب ہو رہی ہے۔


انہوں نے نے مزید کہا کہ اس بحران کے اثرات مختلف اداروں تک پہنچ گئے ہیں۔ ان کے مطابق دہلی ہائی کورٹ کی کینٹین کو بھی گیس کی کمی کے باعث بند کرنا پڑا، جبکہ حکومت پارلیمنٹ میں یہ دعویٰ کرتی ہے کہ کسی قسم کی کمی موجود نہیں ہے۔ انہوں نے ماضی کے بحرانوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جیسے نوٹ بندی اور کووڈ انیس کے دوران آکسیجن کی کمی میں لوگ قطاروں میں نظر آئے تھے، ویسی ہی صورت حال اب گیس سلنڈروں کے معاملے میں دیکھی جا رہی ہے۔

اس دوران کانگریس کے رکن پارلیمنٹ محمد جاوید نے بھی حکومت کے دعووں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر سپلائی میں کوئی مسئلہ نہیں ہے تو قیمتوں میں اضافہ کیوں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بتایا جانا چاہیے کہ گیس مہنگی کیوں ہوئی اور لوگوں کو بروقت ایل پی جی کیوں نہیں مل رہی۔

کانگریس کے ایک اور رکن پارلیمنٹ منوج کمار نے بھی گیس کی قیمتوں میں اضافے پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک کے عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور انہیں زیادہ دیر تک گمراہ نہیں کیا جا سکتا۔ احتجاج کے دوران جب مظاہرہ تیز ہوا تو دہلی پولیس کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر صورت حال کو قابو میں لینے کی کوشش کی اور کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔