راہل گاندھی / ویڈیو گریب
کانگریس کے سینئر رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پیچھے رہ گیا ہے۔ انہوں نے یوٹیوب پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں ڈرون ٹیکنالوجی اور اس کی جنگی حکمت عملی میں تبدیلیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جدید جنگ میں ڈرونز نے ٹینکوں، توپوں اور حتیٰ کہ ایئرکرافٹ کیریئرز کی اہمیت کو کم کر دیا ہے لیکن ان کے مطابق، اصل طاقت صرف ڈرون بنانے میں نہیں بلکہ ان کے بنیادی پرزے جیسے الیکٹرک موٹرز، بیٹریز، آپٹکس اور پیداوار کے مکمل نیٹ ورک پر کنٹرول حاصل کرنے میں ہے۔
Published: undefined
راہل گاندھی نے مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر 'ٹیلی پرامپٹر' تقاریر تو دیتے ہیں، لیکن ہندوستان نئی ٹیکنالوجی کے میدان میں حقیقی پیش رفت نہیں کر رہا۔ ان کے بقول، ہندوستانی معیشت اور صنعت اب بھی صرف اسمبلی لائن تک محدود ہے، جبکہ دیگر ممالک اس سے کہیں آگے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ترقی یافتہ ممالک محض مصنوعات بنانے پر نہیں بلکہ ان کے کلیدی اجزا کی تیاری پر بھی توجہ دیتے ہیں، جو کہ اصل صنعتی طاقت کی نشانی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان نے نہ صرف پیداواری کنٹرول کھو دیا ہے بلکہ صارفین کا ڈیٹا بھی دوسروں کے حوالے کر دیا ہے، جس کی وجہ سے ملک ٹیکنالوجی کے شعبے میں محض ایک صارف بن کر رہ گیا ہے۔
Published: undefined
راہل گاندھی نے زور دیا کہ ہندوستان کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ، بڑی آبادی اور ترقی کی صلاحیت موجود ہے، لیکن ترقی صرف نعروں سے ممکن نہیں بلکہ اس کے لیے ایک واضح حکمت عملی اور مضبوط صنعتی نظام درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل کی ٹیکنالوجی محض اوپر سے نیچے نہیں آئے گی بلکہ یہ نچلی سطح پر اختراعات (انوویشنز) سے ابھرے گی۔
انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس چیلنج کو قبول کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہندوستان عالمی ٹیکنالوجی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہے۔ ان کے مطابق، اگر بنیادی سطح پر مضبوط پیداواری نظام نہ بنایا گیا تو ہندوستان مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی میں قیادت کرنے کے بجائے صرف ایک خریدار بن کر رہ جائے گا۔
Published: undefined
راہل گاندھی کی یہ تنقید ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ہندوستان میں صنعتی ترقی اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے مختلف پالیسیوں پر بحث جاری ہے۔ ان کا یہ بیان حکومت کے اس مؤقف کے برعکس ہے، جس میں کہا جاتا ہے کہ ہندوستان عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کے میدان میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ تاہم، راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ترقی محض دعووں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے ایک مضبوط اور خودمختار صنعتی ڈھانچے کی ضرورت ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined