قومی خبریں

پی ایم مودی مشکل حالات کو سمجھیں اور ’معاشی پیکیج‘ پر از سر نو غور کریں: راہل گاندھی 

راہل گاندھی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ریجنل صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ”لاک ڈاؤن سوئچ کی طرح نہیں ہے جس کو آن اور آف کر دیا جائے۔ اسے بہت احتیاط کے ساتھ ہٹایا جانا چاہیے۔“

کانگریس لیڈر راہل گاندھی
کانگریس لیڈر راہل گاندھی 

کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے آج ریجنل میڈیا کے نامہ نگاروں کے ساتھ ایک انتہائی اہم پریس کانفرنس کی جس میں ملک کے موجودہ حالات اور مرکزی حکومت کے ذریعہ اعلان کردہ معاشی پیکیج کے بارے میں کھل کر اپنا رد عمل ظاہر کیا۔ 20 لاکھ کروڑ روپے کے معاشی پیکیج کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کے دوران پی ایم مودی سے گزارش کی کہ وہ کورونا وائرس کی وجہ سے ملک میں پیدا حالات کو سمجھیں اور معاشی پیکیج کے تعلق سے از سر نو غور کریں، کیونکہ لوگوں کو قرض کی نہیں بلکہ فوری طور پر پیسے کی ضرورت ہے۔

Published: 16 May 2020, 3:11 PM IST

راہل گاندھی نے تقریباً سوا گھنٹہ تک چلی پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا بحران کے درمیان جاری لاک ڈاؤن نے کسانوں، مزدوروں، غریبوں کے سامنے کئی طرح کے مسائل کھڑے کر دیے ہیں۔ اس وقت وہ پیسے کی قلت محسوس کر رہے ہیں، انھیں پیسے کی ضرورت ہے اور یہ ضرورت پی ایم مودی کو پوری کرنی چاہیے۔ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ "پی ایم مودی کو چاہیے کہ وہ ہندوستان کے دل کو دیکھ کر پیسہ دیں، نہ کہ غیر ملکی ریٹنگ پر توجہ دیں۔ ہندوستان میں اس وقت بحرانی کیفیت ہے، چھوٹے تاجر پریشان ہیں، ملک کا کسان پریشان ہے، مزدور بھی مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ ایسے میں حکومت کی ترجیحات یہ ہونی چاہیے کہ وہ ان ضرورت مندوں پر توجہ دے، نہ کہ عالمی ریٹنگ پر۔"

Published: 16 May 2020, 3:11 PM IST

اس موقع پر راہل گاندھی نے صحافیوں کا اس بات کے لیے شکریہ ادا کیا کہ وہ زمینی حقیقت کو لوگوں کے سامنے لا رہے ہیں، سچائی کو اپنی رپورٹ کا حصہ بنا رہے ہیں اور کورونا سے پریشان حال مہاجر مزدوروں سے لے کر غریب طبقہ کے مسائل کو سامنے رکھ رہے ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران راہل گاندھی نے لاک ڈاؤن کے دوران مختلف حادثات میں ہلاک ہونے والے لوگوں کو خراج عقیدت بھی پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ "لاک ڈاؤن سوئچ کی طرح نہیں ہے جس کو آن اور آف کر دیا جائے۔ اسے بہت احتیاط کے ساتھ ہٹایا جانا چاہیے۔ ہمیں بزرگوں کا خیال رکھنا چاہیے، بیماروں کا خیال رکھنا چاہیے اور خواتین و بچوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔"

Published: 16 May 2020, 3:11 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 16 May 2020, 3:11 PM IST