قومی خبریں

عمر عبداللہ بارہمولہ سے جبکہ آغا سید روح اللہ سری نگر سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار

ٹکٹ کے اعلان کے بعد سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ شمالی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ سے میرا مقابلہ کسی امیدوار کے خلاف نہیں ہے بلکہ ان طاقتوں کے خلاف ہے جو ان امیدواروں کے پیچھے کھڑی ہیں۔

عمر عبداللہ / آئی اے این ایس
عمر عبداللہ / آئی اے این ایس 

نیشنل کانفرنس نے وادی کشمیر کی دو سیٹوں کے لئے اپنے امید واروں کا اعلان کردیا ہے۔ پارٹی کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے جبکہ پارٹی کے سینئر لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی سری نگر لوک سبھا سیٹ سے الیکشن لڑیں گے۔ یہ اعلان پارٹی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز گپکار میں واقع اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے سامنے کیا۔ اس موقع پر عمر عبداللہ، آغا سید روح اللہ کے علاوہ پارٹی کے دیگر سینئر لیڈران موجود تھے۔ واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس نے جنوبی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ سے پارٹی کے سینئر لیڈر میاں الطاف احمد کو پہلے ہی امیدواری دے چکی ہے۔

Published: undefined

جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی امیدواری کے اعلان کے بعد میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شمالی کشمیر کی لوک سبھا سیٹ سے میرا مقابلہ کسی امید وار کے خلاف نہیں ہے بلکہ ان طاقتوں کے خلاف ہے جو ان امیدواروں کے پیچھے کھڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تینوں سیٹوں پر ہماری لڑائی بی جے پی کے خلاف ہے، مجھے بارہمولہ لوک سبھا سیٹ سے اس لئے کھڑا کیا گیا کیونکہ بی جے پی اس سیٹ پر زیادہ زور لگا رہی ہے۔

Published: undefined


کانگریس کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر عبداللہ کا کہنا تھا کہ کانگریس کے ساتھ طے ہوا ہے کہ وہ جموں وکشمیر اور لداخ کی چھ سیٹوں میں سے تین پر ہماری حمایت کرے گی اور ہم تین سیٹوں پر ان کی حمایت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے جموں دورے کے دوران جموں اور اودھم پور سیٹوں کے لئے کانگریس کے حق میں پروگرام کئے اور اب میں اتوار کو وادی چناب میں کانگریس کے لئے الیکشن مہم چلانے جا رہا ہوں۔

Published: undefined

وزیر اعظم نریندر مودی کے اودھم میں ریلی سے خطاب کے بارے میں پوچھے جانے پر سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم وزیر اعظم کے پروگراموں کا اس لئے انتظار کرتے ہیں کہ وہ کوئی نئی بات کریں گے لیکن وہ گذشتہ دس برسوں سے خاندانی راج کی ہی بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی خاندانی راج کے خلاف نہیں ہے بلکہ اس خاندان کے خلاف ہے جو بی جے پی کے خلاف بات کرتا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ہر جگہ نیشنل کانفرنس کا گڑھ ہے۔ ہماری تینوں لوک سبھا سیٹوں پرکسی فرد کے خلاف جنگ نہیں ہے بلکہ دہلی کی کوششوں کے خلاف ہے۔

Published: undefined

انہوں نے کہا کہ پہلے ان سیٹوں پر بی جے پی نے در پردہ امید وار کھڑا کئے تھے لیکن اب وہ کھل کر سامنے آئے ہیں کہ وہ بی جے پی کے ہی امید وار ہیں۔ عمر عدباللہ نے دعویٰ کیا کہ جموں وکشمیر اور لداخ کی ساری سیٹوں پر نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے امید وار کامیابی حاصل کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جس دور سے ہم گذر رہے ہیں وہ ایمرجنسی کے دور سے کم مشکل نہیں ہے۔ اس وقت بھی ایمرجنسی جیسے حالات ہیں صرف ان کو ایمرجنسی کا نام نہیں دیا گیا ہے۔

Published: undefined

جموں کشمیرکے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بی جے پی کو جس اپویشن لیڈر سے خطرہ محسوس ہوتا ہے اس کو گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ہر الیکشن مشکل ہوتا ہے۔ آغا روح اللہ نے پارٹی کی طرف سے سری نگر سے امیدواری دیئے جانے سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ یہ میرے لئے ایک موقع ہے تاکہ میں ایک وسیع پلیٹ فارم اپنے احساسات اور جذبات کا اظہار کرسکوں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined