قومی خبریں

عید میلاد النبیؐ پر نتیش کمار اور تیجسوی یادو نے پٹنہ کی خانقاہوں میں چڑھائی چادر

عید میلاد النبیؐ پر نتیش کمار اور تیجسوی یادو نے پٹنہ کی تاریخی خانقاہوں میں حاضری دے کر چادر چڑھائی اور بہار و ملک میں امن، بھائی چارے اور خوشحالی کے لیے دعا کی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

 

پٹنہ: عید میلاد النبیؐ کے موقع پر بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رہنما تیجسوی پرساد یادو نے پٹنہ کی مختلف تاریخی خانقاہوں اور درگاہوں پر حاضری دی اور چادر چڑھا کر ریاست اور ملک میں امن، خوشحالی، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔

نتیش کمار نے جمعرات کو پٹنہ کے پھلواری شریف واقع تاریخی خانقاہ مجیبیہ کا دورہ کیا۔ وہاں انہوں نے خانقاہ کے پیر حضرت مولانا آیت اللہ قادری سے ملاقات کی اور خانقاہ کے بانی حضرت مولانا پیر مجیب اللہ قادری کی درگاہ پر روایتی چادر چڑھائی۔

سابق وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بہار اور ملک کی خوشحالی، امن، بھائی چارے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ کئی برسوں سے خانقاہ مجیبیہ آتے رہے ہیں اور اس درگاہ سے ان کا پرانا تعلق ہے۔ ان کے مطابق، یہاں آنے سے انہیں سکون کا احساس ہوتا ہے۔

خانقاہ کے مینیجر حضرت مولانا منہاج الدین قادری مجیبی اور رکن اسمبلی شیام رجک نے نتیش کمار کا استقبال کیا۔ اس کے بعد انہوں نے خانقاہ کے احاطے میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کیا اور چادر پوشی کی رسم میں شرکت کی۔

نتیش کمار کی آمد کی خبر پھیلتے ہی بڑی تعداد میں عقیدت مند اور مقامی لوگ خانقاہ میں جمع ہوگئے۔ سابق وزیر اعلیٰ نے لوگوں کا استقبال کیا اور انہیں عید میلاد النبیؐ کی مبارک باد دی۔

اس سے قبل آر جے ڈی رہنما تیجسوی پرساد یادو نے پٹنہ سٹی کے مٹن گھاٹ واقع خانقاہ برگاہِ عشق تکیا شریف کا دورہ کیا۔ انہوں نے یہاں درگاہ پر چادر چڑھائی اور بہار میں امن، خوشحالی، مسرت اور ترقی کے لیے دعا کی۔

خانقاہ بارگاہ عشق تکیہ شریف کا شمار خطے کی تاریخی درگاہوں میں ہوتا ہے اور اس کا تعلق بہار کی صوفی روایت اور گنگا جمنی تہذیب سے بتایا جاتا ہے۔ سالانہ عرس کے موقع پر علاقے کے مختلف حصوں سے بڑی تعداد میں عقیدت مند یہاں پہنچتے ہیں۔ اس مقام پر حضرت خواجہ رکن الدین عشق کی درگاہ ہے، جبکہ اس کا تاریخی تعلق ٹیپو سلطان کے خاندان سے بھی بتایا جاتا ہے۔

تیجسوی یادو نے بدھ کی شام پھلواری شریف واقع خانقاہ مجیبیہ کا بھی دورہ کیا تھا، جہاں انہوں نے درگاہ پر چادر چڑھائی اور ریاست کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔