پاکستان نے سوموار کو اسلام آباد میں جاسوسی اور دہشت گردی کے الزامات میں پھانسی کی سزا پائے ہندوستانی شہری کلبھوشن جادھو سے ان کی اہلیہ اور ماں کی ملاقات ہوئی۔ کلبھوشن سے ملاقات کے بعد اہل خانہ نے ہندوستان لوٹ کر مرکزی وزیر برائے خارجہ امور سشما سوراج سے ان کی رہائش پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جادھو کے والدین اور اہلیہ شامل رہے۔ اس دوران سیکریٹری خارجہ ایس جے شنکر اور خارجہ امور کے ترجمان رویش کماربھی سشما سوراج کی رہائش پر موجود رہے۔
Published: undefined
قبل ازیں پاکستان نے کلبھوشن کے اہل خانہ کو ملاقات کی اجازت تو دی لیکن یہ ملاقات ایک بند کمرے میں اس طرح سے کرائی گئی کہ جادھو اور ان کے اہل خانہ ایک دوسرے کو نہ تو چھو سکےاور نہ ہی براہ راست بات کر سکے۔ بات چیت کے لئے مائکرو فون کا استعمال کیا گا اور کئی کمرے میں متعدد کیمرےنصب کئے گئے تھے ۔
پاکستانی خارجہ امور کے ترجمان کی طرف سے دلیل دی گئی کہ انہیں پہلے ہی بتا دیا گیا تھا کہ سکیورٹی وجوہات کے سبب شیشے کی دیوار کی موجودگی میں ملاقات کرائی گئی ہے۔ دونو ں طرف سے بات چیت الیکٹرانک ذریعہ سے ہورہی تھی تاکہ منہ سے نکلا ہو ا ایک لفظ بھی ریکارڈ سے باہر نہ رہے۔ کوئی کسی کو دھیمے لہجے میں یا اشاروں سے بھی کچھ نہیں کہہ سکتا تھا۔کمانڈر جادھو کی اہلیہ اور والدہ دوبئی کے راستے اسلام آباد پہنچی تھیں اور ملاقات کے بعد ہندوستان واپس لوٹ آئیں۔
Published: undefined
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق کلبھوشن کے اہل خانہ کی جانب سے انسانی بنیادوں پر ملاقات کی درخواست کی گئی تھی لہٰذا حکومت پاکستان نے ان کی والدہ اور اہلیہ کو ملاقات کی اجازت یوم قائد اعظم کے موقع پر انسانیت کے ناطے دی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستانی افسر کی موجودگی کا مطلب قونصل رسائی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ہندوستان سے 10 نومبر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کلبھوشن جادھو کی اہلیہ سے اس کی ملاقات کرانے کی پیش کش کی تھی۔گزشتہ ماہ 18 نومبر کو ہندوستان کی جانب سے پاکستان کو اس پیشکش پر جواب موصول ہوا جس میں کہا گیا تھا ’’انسانی حقوق کی بنیاد پر کلبھوشن کی والدہ بھی اپنے بیٹے سے ملاقات کی حق دار ہیں اس لیے پاکستان پہلے والدہ کو ویزہ فراہم کرے جن کی درخواست پاکستانی ہائی کمیشن کے پاس موجود ہے‘‘۔14 دسمبر کوپاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا بیان سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان نے کلبھوشن جادھو کی بیوی اور والدہ کی ملاقات سے متعلق پاکستانی پیش کش قبول کرتے ہوئے انہیں 25 دسمبر کو پاکستان بھجوانے پر رضامندی ظاہر کردی۔
Published: undefined
پاکستان کا الزام ہے کہ کلبھوشن جادھو کو مارچ 2016 میں پاکستان کے صوبہ بلوچستان سے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ غیر قانونی طورپر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے۔ان کے پاس جو پاسپورٹ تھا اس میں ان کا نام حسین مبارک پٹیل تھااور انہوں نے مجسٹریت اور عدالت کے سامنے اپنے اعترافی بیان میں تسلیم کیا تھا کہ وہ ہندوستانی بحریہ کے حاضر سروس کمانڈر ہیں اور را میں تعینات ہیں ۔تاہم ہندوستان نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کلبھوشن یادو ہندوستانی بحریہ میں پہلے کام ضرور کرتے تھے تاہم سبکدوشی کے بعد وہ ایران میں تجارت کرتے ہیں اور انہیں چابہار بندرگاہ سے اغوا کرکے پاکستان لے جایا گیا تھا۔
کلبھوشن جادھو کو پاکستان کی فوجی عدالت نے رواں سال اپریل میں دہشت گردی اور جاسوسی کے جرائم میں سزائے موت سنا دی تھی جس کی توثیق پاک فوج کے سربراہ نے کی تھی۔رواں برس 10 مئی کو ہندوستان نے ’سزائے موت سنانے کا معاملہ عالمی عدالت انصاف آئی سی جے میں لے جانے کا فیصلہ کیا اور عالمی عدالت سے اس کیس کو ہنگامی نوعیت کا قرار دے کر اس پر فوری سماعت کے لیے درخواست کی۔
بعدِ ازاں 18 مئی کو آئی سی جے (عالمی عدالت برائے انصاف) نے ہندوستان کی اپیل پر عبوری فیصلہ سنایا اور حکم امتناع جاری کرتے ہوئے پاکستان کو ہدایت کی کہ اس کیس میں عبوری فیصلہ آنے تک کلبھوشن کی سزائے موت پر عمل درآمد سے روک دیا جائے ۔یہ کیس عالمی عدالت میں اب بھی زیر التوا ہے۔
(ایجنسی ان پٹ کے ساتھ)
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined