قومی خبریں

میرٹھ: ایکسس بینک کی ’کرنسی چیسٹ‘ میں ملے 4.63 لاکھ کے جعلی نوٹ، پولیس تحقیقات جاری

ایس پی سٹی ونایک گوپال بھوسلے نے بتایا کہ بینک مینیجر کی تحریر پر بی این ایس کی دفعات 178، 179، 180، 181 اور 182 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔

ایکسس بینک
ایکسس بینک تصویر آئی اے این ایس

سہارنپور میں پی این بی کی کرنسی چیسٹ میں 17.29 کروڑ روپے کے جعلی نوٹ ملنے کے بعد اب میرٹھ کے ایکسس بینک کی کرنسی چیسٹ میں بھی ایسا ہی معاملہ سامنے آیا ہے۔ منگل پانڈے نگر میں واقع شاخ میں بنی چیسٹ میں بدھ (23 ستمبر) کو 4.63 لاکھ روپے کے نوٹ جعلی پائے گئے ہیں۔ بینک مینیجر نے سول لائن تھانہ میں رپورٹ درج کرائی ہے۔ بینک عہدیداران یہ پتہ لگا رہے ہیں کہ جعلی نوٹ کرنسی چیسٹ تک کیسے پہنچے؟ ایس پی سٹی ونایک گوپال بھوسلے نے بتایا کہ مینیجر کی تحریر پر بی این ایس کی دفعات 178، 179، 180، 181 اور 182 کے تحت ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ کن کن بینکوں میں کس طرح جعلی کرنسی پہنچی، اس کا پتہ لگانے کے لیے جانچ شروع کر دی گئی ہے۔

کرنسی چیسٹ کے مینیجر سرتاج سنگھ نے رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ بدھ کو بینک کے اعلیٰ افسران معائنہ کرنے کے لیے آئے تھے۔ اس دوران 4 لاکھ 63 ہزار 650 روپے کے جعلی نوٹ ملے۔ اس میں 500 روپے کے 805، 200 روپے کے 142، 100 روپے کے 279، 50 روپے کے 97 اور 20 و 10 روپے کے 1323 نوٹ شامل ہیں۔ یہ تمام پرانے نوٹ ہیں، اس میں کچھ ایسے بھی نوٹ ملے ہیں جنہیں دو حصوں میں تقسیم کر کے چپکایا گیا ہے۔ ایک حصہ جعلی اور ایک اصلی نوٹ کا ہے۔

واضح رہے کہ کرنسی چیسٹ کے ساتھ ایکسس بینک کی 186 شاخیں جڑی ہوئی ہیں۔ یکم دسمبر 2024 سے لے کر 30 دسمبر 2025 تک کرنسی چیسٹ میں کن بینکوں سے رقم آئی ہے، یہ فہرست مینیجر سرتاج نے پولیس کو الگ سے دی ہے۔ تاکہ تحقیقات کے دوران یہ پتہ لگایا جا سکے کہ کس بینک سے کتنی رقم کرنسی چیسٹ میں جمع کرائی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ سہارنپور کے صوفیہ مارکیٹ واقع پی این بی کی کرنسی چیسٹ میں 28 اگست کو 17.29 کروڑ روپے کے جعلی نوٹ ملے تھے۔ اس میں نوٹوں کی نئی گڈیاں تھیں۔ معاملے کی تحقیقات این آئی اے کر رہی ہے۔ اب تک ایک بینک عہدیدار سمیت 5 لوگوں کی گرفتاری ہو چکی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔