دیویندر فڑنویس اور ایکناتھ شندے
تصویر آئی اے این ایس
مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں تھری لینگویج یعنی سہ لثانی پالیسی کے تحت ہندی زبان کو تیسری لازمی زبان قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ اس فیصلے کے خلاف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں اور عوام کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے کو ملا، جس کے بعد ریاستی کابینہ کی میٹنگ میں وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس پالیسی سے متعلق دونوں سرکاری احکامات (جی آرز) کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔
Published: undefined
حزبِ اختلاف نے حکومت پر الزام لگایا کہ وہ مراٹھی شناخت کو نظر انداز کر کے ہندی زبان کو تھوپنے کی کوشش کر رہی ہے، جو کہ مہاراشٹر کی لسانی ہم آہنگی اور ثقافتی توازن کے لیے خطرناک ہے۔
خصوصاً مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے نے اس پالیسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور ریاستی حکومت پر دہلی سے زبردستی ہندی نافذ کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مراٹھی زبان اور شناخت کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر اتریں۔
Published: undefined
راج ٹھاکرے نے اس فیصلے کی واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا، "یہ حکومت کی مہربانی نہیں بلکہ مراٹھی عوام کے غصے کا نتیجہ ہے جس نے ہندی کو تھوپنے کی کوشش کو ناکام بنایا۔‘‘ ان کے بقول، حکومت کو یہ فیصلہ پہلے ہی سمجھ لینا چاہیے تھا۔ ریاستی کانگریس، این سی پی (شرد پوار گروپ) اور شیو سینا (ادھو گروپ) نے بھی اس پالیسی کی مخالفت کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی تعلیمی پالیسی کے نام پر مراٹھی زبان کو پیچھے دھکیلنے کی کوشش قابلِ قبول نہیں۔
Published: undefined
حکومت نے اپنی وضاحت میں کہا تھا کہ ابتدائی جماعتوں میں مراٹھی اور انگریزی کے ساتھ ہندی کو بطور تیسری زبان پڑھایا جائے گا۔ تاہم، بڑھتے احتجاج اور سیاسی دباؤ کے بعد وزیر اعلیٰ فڑنویس نے اعلان کیا کہ ڈاکٹر نریندر جادھو کی سربراہی میں ایک نئی کمیٹی بنائی گئی ہے جو سہ لثانی پالیسی کے طریقۂ نفاذ پر سفارشات دے گی اور تب تک پالیسی پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔
فڑنویس نے کہا کہ حکومت نے مراٹھی زبان کو ہمیشہ مرکز میں رکھا ہے اور نئی تعلیمی زبان پالیسی بھی طلبہ اور مراٹھی سماج کے مفاد میں تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ابتدائی جماعتوں میں تیسری زبان کا نفاذ اب نہیں کیا جائے گا بلکہ اس پر نظرثانی کمیٹی کی رپورٹ کے بعد ہی کوئی حتمی قدم اٹھایا جائے گا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined