ویڈیو گریب/یوٹیوب
آندھرا پردیش کے انمیّا ضلع میں اتوار کی رات ایک دردناک حادثے میں 9 مزدوروں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب پُلّمپیٹ ڈویژن کے ریڈی چیروو کٹّا کے پاس ایک آموں سے بھرا ٹرک اُلٹ گیا۔ حادثے میں مرنے والے 9 لوگوں میں 5 خواتین شامل ہیں جبکہ 10 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں، جنہیں علاج کے لیے راجم پیٹ کے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق آموں کے ڈھیر کے اوپر بیٹھے مزدور ٹرک الٹنے سے اس کے نیچے دب گئے اور موقع پر ہی کئی لوگوں نے دم توڑ دیا۔
Published: undefined
اطلاع کے مطابق ٹرک ڈرائیور اس حادثے میں بچ گیا۔ ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ سامنے سے آ رہی کار کی ٹکر سے بچنے کی کوشش میں توازن بگڑ گیا۔ ریلوے کوڈرو اور تروپتی ضلع کے وینکٹ گیری ڈویژن کے 21 دہاڑی مزدور ایسوکاپلّی اور آس پاس کے گاؤں میں آم توڑنے گئے تھے۔ ٹرک آموں کے ساتھ ریلوے کوڈرو بازار جا رہا تھا اور مزدور اس کے اوپر بیٹھے تھے۔ حادثے میں مزدور 40-30 ٹن آموں کے نیچے دب گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر جے سی بی کی مدد سے راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔
Published: undefined
مہلوکین کی شناخت گجّالا دُورگیا، گجّالا لکشمی دیوی، گجّالا رمنا، گجّالا شرینو، رادھا، وینکٹ سبمّا، چتیمّا اور سبّا رتنمّا کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو بہتر علاج کے لیے کڈپا کے ریمس میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
Published: undefined
اس افسوسناک حادثے پر آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این۔ چندرا بابو نائیڈو نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے افسروں سے حادثے کی وجہ جاننے کی کوشش کی۔ وہیں وزیر ٹرانسپورٹ منڈی پلّی رام پرساد ریڈی اور ضلع انچارج وزیر بی سی جناردن ریڈی نے حادثے پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ کنبوں کو ہرممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کے لیے بہتر علاج اور مہلوکین کے کنبوں کے لیے امداد کا مطالبہ کیا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز