قومی خبریں

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس: ’ملک بھر میں ووٹوں کی چوری، انتخابی نظام سوالوں کے گھیرے میں‘

اندرا بھون سے راہل گاندھی کی پریس کانفرنس میں بی جے پی پر الیکشن چوری، ووٹر لسٹ میں گڑبڑی اور الیکشن کمیشن کے غیرشفاف کردار کے الزامات، مہاراشٹر سے بہار تک بے ضابطگیوں کا ذکر

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

راہل گاندھی / ویڈیو گریب

 

اندرا بھون، نئی دہلی سے کانگریس رہنما راہل گاندھی کی پریس کانفرنس میں انتخابی نظام، ووٹر لسٹ اور انتخابی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ یہ کانفرنس ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب بہار سمیت کئی ریاستوں میں ووٹر لسٹوں کی نظرثانی جاری ہے اور اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن پر حکومتی دباؤ میں کام کرنے کا الزام لگا رہی ہیں۔

راہل گاندھی نے پریس کانفرنس کی شروعات آئین کے اس بنیادی اصول سے کی، ’ایک فرد، ایک ووٹ‘۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اصول صرف کتابی بات نہیں، بلکہ جمہوریت کی بنیاد ہے لیکن جب جعلی ووٹرز شامل کیے جائیں، اصل ووٹرز کے نام غائب ہوں اور اپوزیشن کو ڈیٹا تک رسائی نہ ملے، تو جمہوری عمل بے معنی ہو جاتا ہے۔

انہوں نے مہاراشٹر کے انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں چالیس لاکھ مشتبہ ووٹرز موجود ہیں اور یہ صرف ایک ریاست کی بات نہیں۔ راہل گاندھی نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ آخر بی جے پی کو اینٹی انکمبنسی کا سامنا کیوں نہیں ہوتا؟ کیا میڈیا اور انتخابی نظام مل کر ’ماحول‘ تیار کر رہے ہیں؟

Published: 07 Aug 2025, 1:58 PM IST

’اقتدار مخالف لہر کا بی جے پی پر اثر کیوں نہیں ہوتا؟ ماحول تیار کیا جاتا ہے‘، راہل گاندھی کا انتخابی نظام پر سوال

پریس کانفرنس میں راہل گاندھی نے صرف ووٹر لسٹ ہی نہیں بلکہ انتخابی عمل کے پورے نظام پر سنگین سوالات اٹھائے۔ انہوں نے آئین کے بنیادی اصول ’ایک فرد، ایک ووٹ‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب ہم انتخابات کی منصوبہ بندی کرتے ہیں، تو سب سے اہم بات یہ ہونی چاہیے کہ کیا یہ اصول محفوظ ہے؟ کیا صحیح لوگوں کو ووٹ ڈالنے دیا جا رہا ہے؟ کیا ووٹر لسٹ میں جعلی نام شامل کیے گئے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ عوام کے دلوں میں ایک عرصے سے شکوک پیدا ہو رہے ہیں۔ سب جمہوری نظاموں میں اینٹی انکمبنسی یعنی حکومت کے خلاف رائے عامہ کا رجحان نظر آتا ہے، لیکن حیرت کی بات ہے کہ بی جے پی واحد ایسی جماعت ہے جس پر اس کا کوئی اثر نہیں ہوتا۔

راہل گاندھی نے مزید نشاندہی کی کہ بی جے پی کی کامیابیاں اکثر حیران کن حد تک بڑی ہوتی ہیں اور یہ نتائج رائے عامہ اور ایگزٹ پولز سے یکسر مختلف ہوتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتخابات کے ارد گرد میڈیا کے ذریعے ایک منصوبہ بند ماحول تیار کیا جاتا ہے اور پورے انتخابی مرحلے ایسے ترتیب دیے جاتے ہیں کہ بی جے پی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ راہل گاندھی نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ جب الیکشن کمیشن خود شفافیت کے لیے ڈیٹا نہیں دیتا اور اپوزیشن کو جواب دینے سے انکار کرتا ہے، تو پھر جمہوری عمل پر یقین کیسے قائم رہے؟

Published: 07 Aug 2025, 1:58 PM IST

مہاراشٹر کا الیکشن چرایا گیا، 40 لاکھ ووٹر مشتبہ، راہل گاندھی کا دعویٰ

پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی نے مہاراشٹر کے اسمبلی انتخابات کو لے کر الیکشن کمیشن پر براہ راست حملہ بولا۔ انہوں نے دعویٰ کیا، ’’ہم مہاراشٹر میں الیکشن ہارے نہیں، بلکہ وہ چرایا گیا۔ ریاست میں 40 لاکھ ووٹرز مشکوک ہیں جن کی موجودگی پر کئی سوال کھڑے ہوتے ہیں۔

راہل گاندھی نے کہا کہ ووٹر لسٹ میں شامل ان مشتبہ ناموں کی تحقیقات ہونی چاہیے اور الیکشن کمیشن کو واضح طور پر بتانا چاہیے کہ موجودہ ووٹر لسٹ درست ہے یا غلط۔ انہوں نے انتخابی عمل میں شفافیت کی کمی پر شدید اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کانگریس کو ضروری ڈیٹا فراہم کرنے سے انکار کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے بار بار کمیشن سے الیکٹرانک ڈیٹا مانگا، مگر ہمیں نہیں دیا گیا، یہاں تک کہ جواب دینا بھی گوارا نہیں کیا گیا۔‘‘

راہل گاندھی کے مطابق یہ معاملہ صرف مہاراشٹر تک محدود نہیں بلکہ پورے ملک میں ایک منصوبہ بند طریقے سے ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کی جا رہی ہے، تاکہ مخصوص سیاسی جماعتوں کو فائدہ پہنچایا جا سکے۔

Published: 07 Aug 2025, 1:58 PM IST

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس شروع، ’ووٹ چوری‘ پر براہ راست خطاب

دہلی کے اندرا بھون میں کانگریس کے سینئر لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کی پریس کانفرنس شروع ہو گئی ہے۔ اپنے ابتدائی بیان میں انہوں نے ایک بار پھر الیکشن کمیشن پر شدید سوالات اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ ملک بھر میں ووٹر لسٹ میں چھیڑ چھاڑ کے ذریعے بی جے پی کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔

راہل گاندھی نے ایس آئی آر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سوچنا ہوگا کہ کیا آج کے ہندوستان میں درست لوگوں کو ووٹ ڈالنے دیا جا رہا ہے؟ کیا ووٹر لسٹ میں فرضی ووٹر شامل کیے گئے ہیں؟ کیا ان لسٹوں سے جان بوجھ کر کچھ لوگوں کے نام ہٹائے جا رہے ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ’’آئین کی بنیاد ووٹ کا حق ہے۔ اگر یہی حق مشکوک ہو جائے تو جمہوریت خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ الیکشن کمیشن کو اس بات کا جواب دینا ہوگا کہ کیا ملک کی ووٹر لسٹیں درست ہیں یا ان میں گڑبڑی ہے؟‘‘ راہل گاندھی کے مطابق یہ صرف انتخابی تکنیکی معاملہ نہیں بلکہ آئینی اور جمہوری تشویش کا معاملہ ہے، جس پر خاموشی اختیار کرنا ملک کے مستقبل کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔

Published: 07 Aug 2025, 1:58 PM IST

راہل گاندھی کی پریس کانفرنس کچھ ہی لمحوں میں

کانگریس لیڈر اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کچھ ہی دیر میں نئی دہلی کے انڈیا بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے، جسے کانگریس پارٹی نے ’ووٹ چوری کا سب سے بڑا انکشاف‘ قرار دیا ہے۔ اس پریس کانفرنس سے قبل جاری کی گئیں تصاویر اور سوشل میڈیا پر تشہیر سے صاف ظاہر ہے کہ راہل گاندھی ایک سنجیدہ اور ممکنہ طور پر دھماکہ خیز انکشافات کے ساتھ سامنے آنے والے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، راہل گاندھی کی توجہ کا مرکز بہار میں جاری انتخابی فہرستوں کی خصوصی نظرثانی پر ہے، جسے اپوزیشن جماعتوں نے ’منصوبہ بند ووٹ چوری‘ قرار دیا ہے۔ ان کا الزام ہے کہ اس عمل کے ذریعے لاکھوں ووٹروں کے نام فہرست سے ہٹائے جا رہے ہیں، خاص طور پر ان طبقات کے، جو حکومت کے خلاف ووٹ ڈال سکتے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ راہل گاندھی اور اپوزیشن نے الیکشن کمیشن اور حکومت پر اس نوعیت کے الزامات عائد کیے ہوں۔ اس سے قبل مہاراشٹر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے دوران بھی دھاندلی، فرضی ووٹ اور سرکاری مشینری کے غلط استعمال کے الزامات سامنے آئے تھے۔

پریس کانفرنس کے دوران راہل گاندھی کن شواہد، اعداد و شمار یا گواہیوں کا حوالہ دیتے ہیں، یہ دیکھنا باقی ہے۔ پارٹی کے تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس کانفرنس کی لائیو اسٹریمنگ دستیاب ہے۔ لائیو بلاگ کے ذریعے لمحہ بہ لمحہ اپڈیٹس جاری رہیں گی۔

Published: 07 Aug 2025, 1:58 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 07 Aug 2025, 1:58 PM IST