دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا نے پریس کانفرنس کر کے دہلی کے چیف سکریٹری کے سبھی الزامات کو سرے سے خارج کر دیا ہے۔ انھوں نے ان کے سبھی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی کے غنڈے کچھ ملازمین کو بھڑکا رہے ہیں اور مظاہرہ کروا رہے ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ دہلی حکومت کے کام کو رخنہ پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سسودیا کا کہنا ہے کہ راشن سے متعلق کابینہ میٹنگ ہونے والی تھی لیکن ان سب ہنگامہ آرائیوں کی وجہ سے میٹنگ نہیں ہو پائی۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
چیف سکریٹری انشو پرکاش کی شکایت کے بعد دہلی پولس نے ممبر اسمبلی امانت اللہ خان اور ایک دیگر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لیا ہے۔ پولس نے یہ ایف آئی آر سرکاری ملازم کے ساتھ مار پیٹ کرنے کے کیس میں درج کیا ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
دوسری طرف وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر بی جے پی کارکنان کثیر تعداد میں جمع ہو گئے ہیں اور ان کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ حالات قابو سے باہر نہ ہوں اس لیے وہاں کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
چیف سکریٹری انشو پرکاش نے عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی کے خلاف پولس میں شکایت کی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ عام آدمی پارٹی کے دو ممبران اسمبلی نے ان کے ساتھ مار پیٹ کی ہے۔ پولس کو دی گئی تحریری شکایت کی کاپی خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا گیا ہے کہ امانت اللہ خان اور ایک دیگر ممبر اسمبلی نے ان کے ساتھ دست درازی کی۔ دہلی پولس کو لکھے گئے خط میں دونوں ممبران اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی گزارش بھی کی گئی ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا دیکشت نے بھی چیف سکریٹری کے خلاف بدسلوکی کو افسوسناک قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ یہ واقعہ بہت مایوس کن ہے، چیف سکریٹری کے ساتھ ممبران اسمبلی نے مار پیٹ کی جو بہت غلط ہے۔ اسے قبول نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے حیرانی ظاہر کرتے ہوئے سوالیہ انداز میں کہا کہ وزیر اعلیٰ کیجریوال خود سرکاری ملازم رہ چکے ہیں، کیا ان کے ساتھ کبھی ایسا ہوا۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
آشیش کھیتان نے ایک پریس کانفرنس میں مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر ایک فریق کی بات سن کر اپنا درد بیان کر دینے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ملک کے وزیر داخلہ نے اپنے ٹوئٹ میں ہی فیصلہ کر لیا کہ کون قصوروار ہے، پہلے انھیں غیر جانبدارانہ جانچ کرنی چاہیے تھی، انھوں نے صرف ایک فریق کی بات سن کر فیصلہ سنا دیا ہے۔‘‘
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
آشیش کھیتان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی افسر یہ کہہ دے کہ میری جواب دہی لیفٹیننٹ گورنر کے تئیں ہے اور وزیر اعلیٰ یا ممبر اسمبلی کے تئیں نہیں، تو یہ بہت غلط ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں صاف نظر آ رہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے گھر پر کوئی مار پیٹ نہیں ہوئی ہے۔ مار پیٹ کی بات پوری طرح غلط ہے۔ آشیش کھیتان نے یہ بھی کہا کہ دہلی کے عوام کو راشن نہ ملنے کی شکایت پر ہی کل رات کو ایمرجنسی میٹنگ طلب کی گئی تھی۔ ہم عوام کو پریشان ہوتے دیکھنا نہیں چاہتے، ہم افسران کی جوابدہی طے کرتے ہیں اس لیے انھیں دقت ہو رہی ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
بی جے پی کے قومی ترجمان سمبت پاترا نے اروند کیجریوال سے فوری استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’بی جے پی چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کی مذمت کرتی ہے۔ دہلی میں آئینی بحران آ گیا ہے۔‘‘ انھوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ’’ہم نے ایسا پہلی مرتبہ دیکھا ہے کہ ایک وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر ایک چیف سکریٹری پر حملہ کیا گیا ہو۔‘‘ اپنے ایک دیگر ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا کہ ’’کیا آپ کو لگتا ہے کہ ایسے شخص کو وزیر اعلیٰ بنے رہنا چاہیے۔ اروند کیجریوال کو فوراً استعفیٰ دینا چاہیے۔‘‘
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے چیف سکریٹری کے ساتھ ہوئی بدسلوکی کے معاملے میں تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’’اس سلسلے میں انصاف ہوگا۔ آج مجھ سے IAS DANICS اور اس کے ماتحت سروسز پر مبنی ایک وفد نے ملاقات کی اور پورے حالات سے واقف کرایا۔‘‘
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
دہلی ایڈمنسٹریٹیو سب آرڈینیٹ سروسز کے صدر ڈی این سنگھ نے کہا ہے کہ جب تک حکومت اس معاملے میں کوئی ایکشن نہیں لیتی اس وقت تک سرکاری ملازمین کام نہیں کریں گے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ملازمین اس پورے معاملہ سے نالاں ہیں اور راج گھاٹ پر کینڈل مارچ نکالنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
امبیڈکر نگر کے ممبر اسمبلی اجے دَت نے دہلی پولس کمشنر امولیہ پٹنایک کو ایک خط لکھ کر چیف سکریٹری انشو پرکاش کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے اس خط میں لکھا ہے کہ چیف سکریٹری نے میٹنگ کے دوران ذات پر مبنی جملے استعمال کیے جس سے انھیں بہت تکلیف ہوئی ہے۔ انھوں نے پولس کمشنر سے مطالبہ کیا کہ SC/ST قانون کے تحت چیف سکریٹری کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
انڈیا ٹوڈے ٹی وی کے صحافی انکت تیاگی نے ایک ویڈیو شیئر کیا ہے جس میں حکومت دہلی کے ملازمین وزیر ماحولیات عمران حسین کے ساتھ بدسلوکی کر رہے ہیں۔ اس ویڈیو کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ یہ دہلی حکومت کے ملازمین ہیں یا غنڈے ہیں؟
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ بدسلوکی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’چیف سکریٹری کے ساتھ جو ہوا اس سے میں گہری تکلیف میں ہوں۔ سول سروسز کے افسران کو پوری عزت اور بے خوف ماحول میں کام کرنے کی آزادی ہونی چاہیے۔‘‘
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
راج ناتھ سنگھ کے اس بیان پر عآپ کے سوربھ بھاردواج نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ جب سینئر آئی اے ایس افسر کی بیٹی ہریانہ بی جے پی سربراہ کے صاحبزادے کے ذریعہ استحصال کی شکار ہوئی تھی تو آپ کا درد کہاں تھا۔ آپ نے اس وقت اپنی تکلیف کا اظہار نہیں کیا تھا۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
عآپ اور وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھانے والے کپل مشرا نے دعویٰ کیا ہے کہ اروند کیجریوال کی میٹنگ کا ایشو آدھار اور راشن کارڈ نہیں تھا بلکہ اشتہار تھا۔ ساتھ ہی انھوں نے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ اروند کیجریوال پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ چیف سکریٹری کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ منصوبہ بند تھا۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ شہر کو Constitutional Breakdown کی جانب لے جا رہے ہیں۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
عآپ ممبر اسمبلی آدرش شاستری نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ایک ویڈیو پوسٹ کیا ہے جس میں کئی بی جے پی کارکنان دہلی سکریٹریٹ کے قریب ہنگامہ آرائی کر رہے ہیں۔ انھوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ تقریباً 200 بی جے پی کارکنان یہاں سرکاری لیفٹیننٹ گورنر یا حکومت ہند کی ہدایت کے بعد پہنچے!
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
آئی اے ایس ایسو سی ایشن کی سکریٹری منیشا سکسینہ کا کہنا ہے کہ ’’ہم نے لیفٹیننٹ گورنر سے ملاقات کر کے اپنی بات رکھی ہے۔ انھیں بتایا گیا ہے کہ چیف سکریٹری کو دیر رات میٹنگ کے لیے بلایا گیا تھا اور میٹنگ میں وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ و ممبران اسمبلی موجود تھے اور جب چیف سکریٹری وہاں پہنچے تو ان کے ساتھ بدسلوکی کی گئی۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’گزشتہ کچھ سالوں سے اس طرح کی چیزیں ہو رہی ہیں اور افسروں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جا رہا ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
عام آدمی پارٹی کے لیڈر آشیش کھیتان کا کہنا ہے کہ ان پر حملہ کیا گیا۔ ایک ویڈیو میں مارو مارو کی آوازیں صاف سنائی دے سکتی ہیں جو نیوز18 نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر ڈالا ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
عام آدمی پارٹی کے وزیروں کے ساتھ بدسلوکی کا معاملہ پیش آنے کے بعد دہلی پولس سکریٹریٹ پہنچ چکی ہے اور حالات کو بہتر بنانے رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہو گئی ہے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
اس پورے معاملے میں عام آدمی پارٹی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے صفائی پیش کی ہے اور انھوں نے کہا ہے کہ چیف سکریٹری کے ساتھ کوئی غلط رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔ اس میں لکھا گیا ہے کہ 2.5 لاکھ خاندانوں کو راشن ملنے میں پریشانی ہو رہی تھی اس سے متعلق گفتگو ہو رہی تھی جس میں ان سے کچھ سوالات کیے گئے تھے جن کا جواب انھوں نے نہیں دیا اور کہا کہ وہ صرف لیفٹیننٹ گورنر کو جواب دیں گے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی رہائش گاہ پر چیف سکریٹری انشو پرکاش کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ اب چیف سکریٹری سے بدسلوکی کے الزامات کے درمیان اروند کیجریوال کے میڈیا صلاحکار نے سکریٹریٹ میں دہلی حکومت کے وزیر عمران حسین اور عام آدمی پارٹی کے لیڈر آشیش کھیتان سے مار پیٹ کا الزام عائد کیا ہے۔ الزام ہے کہ دونوں سے دہلی سکریٹریٹ میں ہاتھا پائی کی گئی۔
چیف سکریٹری کی بدسلوکی معاملہ میں دوطرفہ الزامات کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ دہلی حکومت اور افسران آمنے سامنے آ گئے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ وہ دفتر جائیں گے لیکن کام نہیں کریں گے۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Feb 2018, 3:14 PM IST