قومی خبریں

’جن کی کوئی تاریخ نہیں وہ دوسروں کی تاریخ مٹانے چلے ہیں‘، نہرو میموریل کا نام بدلنے پر کھڑگے کا شدید رد عمل

کانگریس صدر کھڑگے نے کہا کہ نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری کا نام بدلنے سے صرف بی جے پی-آر ایس ایس کی کند ذہنیت اور تاناشاہی رویے کا پتہ چلتا ہے۔

ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس
ملکارجن کھڑگے / آئی اے این ایس 

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری کا نام بدل کر ’پرائم منسٹرس میوزیم‘ کرنے پر جمعہ کے روز بی جے پی حکومت پر سخت تنقید کی۔ انھوں نے کہا کہ جن کی کوئی تاریخ ہی نہیں ہے، وہ دوسروں کی تاریخ کو مٹانے چلے ہیں۔ کھڑگے نے کہا کہ ’’مودی حکومت کی پست سوچ ہندوستان کے تئیں ’ہند کے جواہر‘ کے عظیم الشان تعاون کو کم نہیں کر سکتی۔‘‘

Published: undefined

ملکارجن کھڑگے نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری کا نام بدلنے کی کوشش سے جدید ہندوستان کے معمار اور جمہوریت کے بے خوف پہریدار پنڈت جواہر لال نہرو جی کی شخصیت کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ اس سے صرف بی جے پی-آر ایس ایس کی کند ذہنیت اور تاناشاہی رویے کا پتہ چلتا ہے۔‘‘

Published: undefined

کانگریس صدر کا یہ تبصرہ جمعرات کے روز نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری سوسائٹی کی ایک خصوصی میٹنگ میں اس کا نام بدلنے کا فیصلہ لیے جانے کے بعد آیا ہے۔ میٹنگ کی صدارت وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کی جو سوسائٹی کے نائب سربراہ ہیں۔ سوسائٹی کے سربراہ وزیر اعظم نریندر مودی ہیں، اور اس کے 29 اراکین میں مرکزی وزیر امت شاہ، نرملا سیتارمن، دھرمیندر پردھان، جی کشن ریڈی اور انوراگ ٹھاکر بھی شامل ہیں۔

Published: undefined

نہرو میموریل میوزیم اینڈ لائبریری کا افتتاح گزشتہ سال اپریل میں تین مورتی احاطہ میں کیا گیا تھا جو 1948 سے 1964 میں ان کے انتقال تک ملک کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی سرکاری رہائش تھی۔ اسی لیے اس کا نام ان کے نام پر کیا گیا تھا، جسے اب مودی حکومت نے بدلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined