قومی خبریں

کھڑگے نے پی ایم مودی کو ’غیر قانونی وزیر اعظم‘ ٹھہرایا، لوک سبھا اور سبھی اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مطالبہ

صحافیوں سے بات چیت کے دوران ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ اپوزیشن ایس آئی آر اور انتخابی عمل کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف پورے ملک میں اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

<div class="paragraphs"><p>کھڑگے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>

کھڑگے، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia

 

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ہفتہ کے روز لوک سبھا اور تمام ریاستی اسمبلیوں کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کر ایک نئی ہلچل شروع کر دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں ہوئے تمام انتخابات غیر قانونی ہیں اور اس بنیاد پر وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ بھی غیر قانونی ہیں۔ کھڑگے نے واضح لفظوں میں کہا کہ تمام ایوانوں کو تحلیل کر کے نئے سرے سے انتخابات کرائے جائیں اور ان انتخابات میں ای وی ایم کی جگہ بیلٹ پیپر کا استعمال ہو۔ یہ مطالبہ کھڑگے نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ہے، جس کی ویڈیو کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔

صحافیوں سے بات چیت میں کھڑگے نے کہا کہ ’’آج پورا ملک غیر قانونی انتخابات کی بنیاد پر چل رہا ہے۔ مودی ایک غیر قانونی وزیر اعظم ہیں، شاہ ایک غیر قانونی وزیر داخلہ ہیں اور جہاں بھی وزرائے اعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، وہ سب غیر قانونی ہیں۔ ان سب کو تحلیل کر دیا جانا چاہیے، نئے انتخابات ہونے چاہئیں اور انتخابات بیلٹ پیپر کے ذریعے کرائے جانے چاہئیں۔‘‘ بات چیت کے دوران کھڑگے نے ای وی ایم کے مبینہ غلط استعمال کا بھی الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اس بارے میں ’ان کے اپنے لوگ‘ بھی بات کر رہے ہیں۔

یہ پریس کانفرنس کھڑگے نے کرناٹک میں کیا جہاں انھوں نے ملک کی کئی ریاستوں میں جاری ایس آئی آر کے عمل پر سنگین سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس عمل میں کئی گڑبڑیاں ہیں اور حکومت کی جانب سے کئی غلطیاں کی جا رہی ہیں۔ اس کا براہ راست اثر جمہوری عمل پر پڑ رہا ہے اور جمہوریت کمزور ہو رہی ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن ایس آئی آر اور انتخابی عمل کے مبینہ غلط استعمال کے خلاف پورے ملک میں اپنی تحریک جاری رکھے گی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔