الٰہ آباد ہائی کورٹ نے ’یوپی پی سی ایس 2025‘ پریلمس کا ریزلٹ کیا رَد، نتائج دوبارہ کیے جائیں گے جاری

عدالتی حکم کے مطابق کمیشن کو ’محفوظ‘ زمرے کے ان اہل امیدواروں کو ان کی میرٹ کی بنیاد پر ’غیر محفوظ‘ زمرے میں شامل کرنے کے معاملے پر نئے سرے سے کارروائی کرنی ہوگی۔

<div class="paragraphs"><p>الٰہ آباد ہائی کورٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی) کے ’پی سی ایس ابتدائی امتحان 2025‘ کا ریزلٹ رَد ہو گیا ہے۔ الہٰ آباد ہائی کورٹ نے اس امتحان کے اعلان کردہ نتائج میں ترمیم کر اسے نئے سرے سے جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس فیصلہ کے بعد پہلے جاری کی گئی میرٹ لسٹ میں تبدیلی ہو سکتی ہے۔ نئے ریزلٹ میں امیدواروں کی کامیابی کی صورت حال بھی بدل سکتی ہے۔ حالانکہ امیدواروں کو یہ بات ذہن میں رکھنی ہوگی کہ ہائی کورٹ نے ابتدائی امتحان دوبارہ کرانے کا حکم نہیں دیا ہے، بلکہ پہلے ہو چکے امتحان کی بنیاد پر ترمیم شدہ نتیجہ جاری کرنے کو کہا ہے۔

یہ معاملہ ’ریزرو‘ (محفوظ) زمرے کے ان امیدواروں سے متعلق ہے جن کے نمبر ’غیر محفوظ‘ یعنی جنرل زمرے کے کٹ آف سے زیادہ تھے۔ اس کے باوجود انہیں ’غیر محفوظ‘ زمرے کی میرٹ لسٹ میں جگہ نہیں دی گئی تھی۔ عرضی گزاروں کا کہنا تھا کہ ان کے نمبر ’غیر محفوظ‘ زمرہ کے کٹ آف سے زیادہ ہونے کے باوجود سروس کمیشن نے انہیں میرٹوریئس ریزرو کیٹیگری (ایم آر سی) کے تحت اوپن زمرے میں شامل نہیں کیا۔ اس معاملے میں سنجے کمار اور 3 دیگر امیدواروں نے الہٰ آباد ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔


جسٹس منیش کمار نگم کی سنگل بنچ نے عرضی منظور کرتے ہوئے اتر پردیش پبلک سروس کمیشن کو ابتدائی امتحان کے نتیجے میں ترمیم کر کے دوبارہ جاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالتی حکم کے مطابق کمیشن کو ’محفوظ‘ زمرے کے ان اہل امیدواروں کو ان کی میرٹ کی بنیاد پر ’غیر محفوظ‘ زمرے میں شامل کرنے کے معاملے پر نئے سرے سے کارروائی کرنی ہوگی۔ اس کا اثر آئندہ سلیکشن کے عمل پر بھی پڑے گا۔ ترمیم شدہ نتیجہ جاری ہونے کے بعد کمیشن کو اسی کی بنیاد پر آگے کا عمل مکمل کرنا ہوگا۔

دراصل یہ پورا معاملہ ’محفوظ‘ زمرے کے میرٹوریئس یعنی زیادہ نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو ’غیر محفوظ‘ زمرے میں شامل کرنے سے متعلق ہے۔ عرضی گزاروں کا الزام تھا کہ سروس کمیشن نے ابتدائی امتحان کی میرٹ لسٹ تیار کرتے وقت ’غیر محفوظ‘ یعنی اوپن زمرے میں صرف انہی امیدواروں کو جگہ دی، جنہوں نے کسی بھی طرح کے ریزرویشن کا دعویٰ نہیں کیا تھا۔ جبکہ محفوظ زمرے کے کچھ امیدواروں کے نمبر غیر محفوظ زمرے کے آخری منتخب امیدوار سے بھی زیادہ تھے۔ اس کے باوجود انہیں اوپن زمرے میں شامل نہیں کیا گیا اور ان کا شمار ان کے اپنے ’محفوظ‘ زمرے میں ہی کیا گیا۔ عرضی گزاروں کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ سے کم نمبر حاصل کرنے والے امیدواروں کو بھی اگلے امتحان میں بیٹھنے کا موقع نہیں مل سکا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔