قومی خبریں

کرناٹک: کانگریس نے بی جے پی صدر جے پی نڈا اور وزیر اعلیٰ بومئی کے خلاف درج کرائی شکایت، سنگین الزامات عائد

کانگریس کی طرف سے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار اور حزب مخالف لیڈر سدارمیا نے پولیس کو دی گئی شکایت پر دستخط کیے ہیں اور معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس۔ بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس
کانگریس۔ بی جے پی، تصویر آئی اے این ایس 

ایک طرف کرناٹک میں اسمبلی انتخاب کو لے کر سبھی سیاسی پارٹیاں خود کو مضبوط بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، اور دوسری طرف اپنی حریف پارٹیوں کی غلط پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہی ہیں۔ ریاست میں برسراقتدار بی جے پی اور حزب مخالف کانگریس کے درمیان بھی خوب رسہ کشی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق کانگریس نے بی جے پی قومی صدر جے پی نڈا، وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی اور رکن اسمبلی رمیش جارکیہولی کے خلاف پولیس میں شکایت درج کرائی ہے۔ کانگریس نے بی جے پی لیڈران پر اسمبلی انتخاب میں ووٹروں کو لبھانے کے لیے رشوت دینے کی پیشکش کا الزام عائد کیا ہے۔

Published: undefined

میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس کی طرف سے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار اور حزب مخالف لیڈر سدارمیا نے پولیس کو دی گئی شکایت پر دستخط کیے ہیں اور معاملے کی اعلیٰ سطحی جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ دراصل بی جے پی لیڈر رمیش جارکیہولی نے حال ہی میں بیلگاوی میں ایک جلسہ عام کے دوران کہا تھا کہ ’’اگر موجودہ کانگریس رکن اسمبلی 3 ہزار روپے کے گفٹ اور نقد دیں گے تو میں ووٹروں کو 6 ہزار روپے کی قیمت کے تحائف دوں گا۔‘‘ حالانکہ بی جے پی نے رمیش جاکیہولی کے بیان سے کنارہ کشی اختیار کرتے ہوئے اسے ان کا ذاتی بیان قرار دے دیا ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ رمیش جارکیہولی گوکک اسمبلی حلقہ سے رکن اسمبلی تھے، لیکن 2021 میں ایک فحش ویڈیو معاملے مین نام سامنے آنے کے بعد انھیں استعفیٰ دینا پڑا تھا۔ اب ان کے تازہ بیان کی وجہ سے بی جے پی کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کانگریس نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا ہے کہ یہ ایک بڑی سازش کا حصہ ہے جو بی جے پی میں بڑی سطح پر تیار کی گئی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس سازش کو وزیر اعلیٰ بومئی، جے پی نڈا اور پارٹی کے ریاستی صدر نل کمار کی بھی خاموش حمایت حاصل ہے۔

Published: undefined

کانگریس نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی لیڈر کا بیان جمہوریت کا اغوا کرنے کی کوشش ہے اور تعزیرات ہند کی دفعہ 171بی، 107، 120بی، 506 کے تحت جرم بھی ہے۔ کانگریس لیڈران کا کہنا ہے کہ کرناٹک میں 5 کروڑ ووٹرس ہیں اور بی جے پی 30 ہزار کروڑ روپے تقسیم کر اسمبلی انتخاب جیتنے کی بڑی سازش تیار کر رہی ہے۔ کانگریس نے اس معاملے کی آئی ٹی محکمہ اور ای ڈی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined