ادھو ٹھاکرے، ویڈیو گریب
مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن انتخاب کے نتائج آ چکے ہیں، لیکن کس میونسپل کارپوریشن میں کون میئر ہوگا اس کے متعلق تصویر ابھی صاف نہیں ہوئی ہے۔ 22 جنوری کو لاٹری سے ریزرویشن طے ہوگا، اس کے بعد سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے امیدواروں کا اعلان کریں گی۔ ان سرگرمیوں سے قبل تعداد اور جوڑ توڑ کو لے کر تمام پارٹیاں اپنی جانب سے کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہیں۔ اب کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) بھی موضوع بحث بن گئی ہے۔ ’اے بی پی ماجھا‘ کے مطابق ایسی اطلاعات تھیں کہ ادھو ٹھاکرے گروپ کے 2 کونسلر رابطے سے باہر ہو گئے ہیں۔ حالانکہ ایکناتھ شندے گروپ نے کہا کہ وہ ہمارے رابطے میں نہیں ہیں۔
Published: undefined
واضح رہے کہ کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) میں مجموعی طور پر 122 سیٹیں ہیں۔ یہاں میئر بنانے کے لیے 62 سیٹ جادوئی نمبر ہے۔ ایکناتھ شندے کی شیوسینا یہاں سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی ہے۔ یہاں پارٹی نے 52 سیٹوں پر جیت حاصل کی ہے، جبکہ بی جے پی دوسرے نمبر پر ہے جس کے پاس 51 سیٹیں ہیں۔ مہایوتی میں شامل اجیت پوار کی پارٹی یہاں ایک بھی سیٹ نہیں جیت پائی ہے۔ بی جے پی اور ایکناتھ شندے کی شیوسینا دونوں ہی پارٹیاں یہاں حکومت بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، لیکن دونوں کے پاس اکثریت نہیں ہے۔
Published: undefined
اگر اپوزیشن کی بات کی جائے تو ادھو ٹھاکرے نے یہاں 11 سیٹوں پر قبضہ جمایا ہے۔ راج ٹھاکرے کی پارٹی مہاراشٹر نونِرمان سینا (ایم این ایس) 5 سیٹوں پر جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔ کانگریس کو 2 سیٹوں پر کامیابی ملی ہے، جبکہ شرد پوار کی پارٹی نے ایک سیٹ پر جیت حاصل کی ہے۔ اس درمیان شیوسینا (شندے گروپ) کے کوآرڈنیشن چیف مہیش گائیکواڈ نے شیوسینا (یو بی ٹی) کے ضلع صدر شرد پاٹل سے ذاتی طور پر ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹھاکرے گروپ کے دونوں ناقابل رسائی کونسلر مدھور مہاترے اور کیرتی ڈھونے حقیقت میں ٹھاکرے گروپ کے رابطے میں ہی ہیں نہ کہ شندے گروپ کے ساتھ ہیں۔ دوسری جانب اب ٹھاکرے گروپ نے کہا کہ رابطہ سے باہر ان دونوں کونسلروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined