قومی خبریں

’مردم شماری کرانے میں 10-8 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، لیکن حکومت نے 570 کروڑ روپے ہی الاٹ کیے‘

کانگریس لیڈر سچن پائلٹ نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ حکومت لوگوں سے کہہ رہی ہے وہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گی، لیکن رسمی نوٹیفکیشن سے اس کا تذکرہ ہی غائب ہے۔

<div class="paragraphs"><p>پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سچن پائلٹ، تصویر ویڈیو گریب</p></div>

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سچن پائلٹ، تصویر ویڈیو گریب

 

حکومت کے ذریعہ مردم شماری سے متعلق جاری نوٹیفکیشن میں ذات پر مبنی مردم شماری کا تذکرہ نہ کیے جانے کا معاملہ طول پکڑتا جا رہا ہے۔ کانگریس لیڈران لگاتار مرکز کی مودی حکومت کو ہدف تنقید بنا رہے ہیں اور نوٹیفکیشن میں ذات پر مبنی مردم شماری کا تذکرہ نہ کیے جانے پر سوال اٹھا رہے ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری سچن پائلٹ نے ایک پریس کانفرنس کر ذات پر مبنی مردم شماری کی اہمیت ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ مردم شماری کے لیے حکومت کے ذریعہ جاری کم بجٹ پر بھی میڈیا کے سامنے اپنی بات رکھی۔

Published: undefined

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سچن پائلٹ نے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے طویل مدت سے مطالبہ رکھا تھا کہ ملک میں جب بھی مردم شماری ہو، اس میں ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے۔ انھوں نے یہ مطالبہ لگاتار سڑک سے لے کر پارلیمنٹ تک اٹھایا۔ اس کا اصل مقصد یہ ہے کہ جب ہمارے پاس اعداد و شمار ہوں گے تبھی ہم ملک کے ہر طبقہ، ہر شخص کو پالیسی سازی سے جوڑ سکیں گے اور انھیں اس کا فائدہ مل پائے گا۔‘‘ وہ مزید بتاتے ہیں کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری کا مقصد یہ جاننا بھی ہے کہ ملک میں الگ الگ طبقات کے لوگ کن حالات میں رہ رہے ہیں؟ لوگ حکومت کے منصوبوں کا فائدہ اٹھا پا رہے ہیں یا نہیں؟ لوگوں کی ملک اور اداروں میں شراکت داری کتنی ہے؟ ملک کے لوگوں کی تعلیمی، معاشی و سماجی حالت کیا ہے؟‘‘

Published: undefined

سچن پائلٹ کا کہنا ہے کہ بی جے پی اور نریندر مودی نے کئی بار کہا کہ ذات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کرنے والے لوگ اربن نکسل ہیں۔ مودی حکومت نے پارلیمنٹ میں جواب دیا کہ ہم ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کے حق میں نہیں ہیں۔ لیکن شدید مخالفت کے بعد حکومت نے اچانک ہمارے مطالبہ کو قبول کرتے ہوئے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا فیصلہ کیا۔ حالانکہ اب ایک بار پھر سے ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کی بات سے پیچھے ہٹنے کو لے کر ہمیں حکومت کی نیت پر شبہ ہے۔ کانگریس لیڈر نے مردم شماری پر ہونے والے خرچ اور حکومت کے ذریعہ جاری بجٹ کا تذکرہ بھی میڈیا کے سامنے کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہندوستان میں مردم شماری بہت پہلے سے ہوتی آ رہی ہے۔ ہندوستان کی حکومتوں نے تجربہ اور سمجھداری سے مردم شماری کروائی ہے۔ لیکن آپ بی جے پی حکومت کی نیت دیکھیے، جہاں مردم شماری کرانے میں 10-8 ہزار کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں، وہاں حکومت نے 570 کروڑ روپے بجٹ میں الاٹ کیے ہیں۔‘‘ پھر وہ یہ بھی یاد دلاتے ہیں کہ ’’حکومت لوگوں کے سامنے کہہ رہی ہے کہ وہ ذات پر مبنی مردم شماری کرائے گی، لیکن رسمی نوٹیفکیشن سے یہ بات غائب ہے۔‘‘

Published: undefined

ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے سچن پائلٹ نے تلنگانہ ماڈل کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’ذات پر مبنی سروے کا کام تلنگانہ حکومت نے بہت اچھے طریقے سے کیا ہے۔ انھوں نے اپنے سروے کے لیے سرکاری افسران کو نہ لے کر این جی او اور تکنیکی لوگوں کو جوڑا۔‘‘ ذات پر مبنی مردم شماری کی اہمیت ظاہر کرتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری پہلی منزل ہے، جس سے ہمیں لوگوں کی معاشی و سماجی حالت پتہ چلے گی، لیکن مودی حکومت کی منشا ذات پر مبنی مردم شماری کروانے کی نظر نہیں آ رہی ہے۔‘‘

Published: undefined

کانگریس جنرل سکریٹری نے مودی حکومت پر مردم شماری میں قصداً تاخیر کرنے کا سنگین الزام بھی عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت صرف توجہ بھٹکانے کے لیے ذات پر مبنی مردم شماری میں تاخیر کر رہی ہے۔ یہ ویسا ہی قدم ہے، جیسے خاتون ریزرویشن کے ساتھ کیا گیا۔ ہمارا کہنا ہے کہ حکومت کو اس پر سیاست بند کر اثردار ڈھنگ سے کام کرنا چاہیے اور قومی سطح پر ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے ’تلنگانہ ماڈل‘ کو اختیار کرنا چاہیے۔‘‘ آخر میں وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’حکومت کو بجٹ الاٹمنٹ پر بھی توجہ دینی چاہیے، کیونکہ مردم شماری کے لیے 570 کروڑ روپے کا بجٹ بہت ہی کم ہے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined