
آئی اے این ایس
نئی دہلی: ملک میں انڈیگو کی سیکڑوں پروازوں کی منسوخی سے ہوائی سفر متاثر ہونے اور ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو بھاری پریشانی کا معاملہ جمعہ کو راجیہ سبھا میں بھی گونج اٹھا۔ اپوزیشن اراکین نے معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ایئر لائن کی بار بار کی منسوخیاں لاکھوں مسافروں کے لیے دشواری اور افراتفری کا باعث بن رہی ہیں، اور حکومت کو فوری طور پر اس مسئلے پر وضاحت پیش کرنی چاہیے۔
Published: undefined
کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پرمود تیواری نے کہا کہ انڈیگو کی 500 سے زیادہ پروازیں جمعرات کو منسوخ ہوئیں، جبکہ اس سے پہلے کے دن بھی صورتحال یہی رہی۔ انہوں نے کہا کہ اس قدر بڑی تعداد میں منسوخیاں ’مونوپولی‘ کے نتیجے میں پیدا ہوئی ہیں، اور حکومت کو ایئر لائن سے سختی سے بازپرس کرنی چاہیے۔ تیواری نے وزیر سے پوچھا کہ بحران کب تک ختم ہوگا، کیونکہ کئی اراکینِ پارلیمنٹ کو بھی اپنے علاقوں کی طرف سفر کرنا ہوتا ہے۔
مرکزی وزیر کرن رجیجو نے ایوان کو بتایا کہ انہوں نے اس معاملے پر شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو سے بات کی ہے اور جلد ہی تفصیلی معلومات پارلیمنٹ کو فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے اسے عوامی اہمیت کا سنگین معاملہ قرار دیا۔
Published: undefined
ادھر شیو سینا (یو بی ٹی) کی رکنِ پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے بھی توجہ دلاؤ نوٹس کے ذریعے معاملہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل منسوخیوں سے مسافروں کی تکلیف بڑھ گئی ہے اور حکومتی اقدامات کا کوئی اثر دکھائی نہیں دے رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انڈیگو نے دہلی ایئرپورٹ سے سہ پہر تین بجے تک اپنی تمام گھریلو پروازیں منسوخ کر دی ہیں، جس سے مسافروں کی بڑی تعداد پریشان ہوئی۔
اسی دوران بحران مزید نہ بڑھے، اس کے لیے ڈی جی سی اے نے ایک اہم فیصلہ لیتے ہوئے پائلٹس کے ویک آف کو چھٹی کے ساتھ جوڑنے پر پابندی کا حکم فوری طور پر واپس لے لیا گیا ہے۔ کہا گیا ہے کہ اس حکم سے ایئر لائنز کو کریو مینجمنٹ میں لچک ملے گی اور آپریشنز کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔
Published: undefined
ڈی جی سی اے نے کہا کہ موجودہ حالات میں آپریشن کے مسلسل بگاڑ کو دیکھتے ہوئے یہ رعایت ناگزیر ہو گئی تھی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انڈیگو نے صرف نومبر میں 1232 پروازیں عملے کی کمی کے باعث منسوخ کیں۔
دہلی ایئرپورٹ نے بھی مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھر سے نکلنے سے قبل اپنی پرواز کا اسٹیٹس ضرور چیک کریں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ انڈیگو کی آپریشنل بحالی اور مسافروں کی سہولت کے اقدامات پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جب تک کہ صورتحال مکمل طور پر معمول پر نہ آ جائے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined