قومی خبریں

رنگوں کے تہوار ہولی پر صدر، وزیر اعظم، کھڑگے، راہل اور پرینکا گاندھی سمیت دیگر رہنماؤں کی مبارکباد

صدر دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت کئی رہنماؤں نے عوام کو ہولی کی مبارکباد دی اور اتحاد و بھائی چارے کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل کی

<div class="paragraphs"><p>تصویر یو این آئی</p></div>

تصویر یو این آئی

 

نئی دہلی: ملک بھر میں آج رنگوں کا عظیم تہوار ہولی جوش و خروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی سمیت متعدد اہم رہنماؤں نے عوام کو مبارکباد پیش کی اور محبت، بھائی چارے اور اتحاد کے پیغام کو عام کرنے کی اپیل کی۔

Published: undefined

صدر دروپدی مرمو نے ایکس پر لکھا، ’’رنگوں کے تہوار ہولی کے مقدس موقع پر تمام اہل وطن کو دلی مبارکباد۔ خوشی اور جوش کا یہ تہوار اتحاد، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔ یہ تہوار ہندوستان کی قیمتی ثقافتی وراثت کی علامت بھی ہے۔ آئیے، اس مبارک موقع پر ہم سب مل کر ہندوستان کی تمام اولادوں کی ترقی، خوشحالی اور مسرتوں کے رنگوں سے بھرپور زندگی کے لیے عزم کریں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے ایکس پر ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے لکھا تھا، ’’آپ سب کو ہولی کی بے شمار مبارکباد۔ خوشی اور جوش سے بھرپور یہ مقدس تہوار ہر شخص کی زندگی میں نئی امید اور توانائی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ اہل وطن کے اتحاد کے رنگ کو مزید گہرا کرے، یہی میری دعا ہے۔‘‘

Published: undefined

نائب صدر جگدیپ دھنکڑ نے بھی ایکس پر اپنے پیغام میں کہا، ’’ہولی کے مقدس موقع پر دلی مبارکباد۔ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی جیت اور بہار کی آمد کی علامت ہے، جو نئی شروعات اور نئے نقطہ نظر کی نشانی ہے۔ یہ تہوار ہمیں اپنے خیالات کو ہمدردی سے، اپنے اعمال کو رحم دلی سے اور اپنے وژن کو اپنے عظیم ملک کے لیے امید سے رنگنے کی یاد دلاتا ہے۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ایکس پر لکھا، ’’ہولی، تنوع کا جشن ہے۔ یہ تہوار خوف، نفرت، حسد اور امتیازی سلوک کو ختم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ہولی ہمیں رنگوں کی گوناگونی سے لطف اندوز ہونے کی تحریک دیتی ہے۔ تمام اہل وطن کو ہولی کی دلی مبارکباد۔ آئیے ہم اپنے کثیر الثقافتی سماج کو رنگوں، یکجہتی اور بھائی چارے کی روح سے بھر دیں اور ہم آہنگی و محبت کے عزم کا اعادہ کریں۔‘‘

Published: undefined

راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں لکھا، ’’آپ سب کو ہولی کے مقدس تہوار کی دلی مبارکباد۔ رنگوں کا یہ تہوار آپ کی زندگی میں نئی امید، نیا جوش اور بے شمار خوشیاں لے کر آئے۔‘‘

پرینکا گاندھی نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا، ’’رنگ، جوش، ولولہ، خوشی، بھائی چارہ، برابری اور میل جول کے عظیم تہوار ہولی کی دلی مبارکباد۔ ہولی کھیلتے وقت ہر کسی کو محبت سے گلے لگائیے اور اپنے خاندان، سماج اور تمام اہل وطن کے ساتھ خوشیاں بانٹیے۔ آپ سب کے لیے ہولی مبارک ہو۔‘‘

بی جے پی کے قومی صدر اور مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے لکھا، ’’تمام اہل وطن کو ہولی کی دلی مبارکباد اور نیک خواہشات۔ میں دعا کرتا ہوں کہ یہ رنگوں کا تہوار آپ کی زندگی میں جوش، خوشی اور ولولہ بھر دے۔ سبھی خوشحال، ترقی یافتہ اور خوش نصیب ہوں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined