قومی خبریں

ہماچل پردیش: چمبا ضلع میں پرائیویٹ بس بے قابو ہوکر حادثے کا شکار، 7 افراد کی موت، 11 زخمی

’چمبا ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی‘ نے 7 افراد کی موت اور 11 لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حادثے کی وجہ، مہلوکین اور زخمیوں کی فی الحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر/آئی اے این ایس</p></div>

تصویر/آئی اے این ایس

 

ہماچل پردیش کے چمبا ضلع میں ہفتے کے روز صبح  ایک مسافر بس حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں ڈرائیور اور کنڈیکٹر سمیت 7 افراد کی موت ہو گئی، اور 11 افراد زخمی بتائے جا رہے ہیں۔ سبھی زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاع کے مطابق ایک پرائیویٹ بس صبح تقریباً 6:30 بجے بیرا گڑھ سے چمبا کے لیے روانہ ہوئی تھی۔ تقریباً 3 کلو میٹر کا سفر طے کرنے کے بعد تیسا-بیرا گڑھ مین روڈ پر دیوی کوٹھی کے قریب چالوج موڑ پر بس بے قابو ہو کر سڑک سے نیچے گر گئی۔ خبر کے مطابق بس میں کل 18 افراد سوار تھے۔

حادثے میں کچھ لوگ بس کے نیچے دب گئے، اسی دوران مقامی باشندے اور راہگیر جمع ہوگئے۔ لوگوں نے مسافروں کو بس سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ عوام نے پولیس کو حادثے کی اطلاع دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے محنت و مشقت کے بعد مسافروں کو باہر نکالا اور زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔ ’چمبا ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی‘ نے 7 افراد کی موت اور 11 لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ حادثے کی وجہ، مہلوکین اور زخمیوں کی شناخت کے حوالے سے فی الحال تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

واضح رہے کہ چمبا میں مسلسل سڑک حادثے پیش آ رہے ہیں۔ گزشتہ دو ماہ میں الگ الگ حادثوں میں 25 سے زیادہ اموات ہو چکی ہیں۔ حال ہی میں چمبا کی سرحد کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے ٹاٹا سومو میں سوار 13 مسافروں کی موت ہو گئی تھی۔ 28جولائی کو بھی چمبا میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں 5 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔ پٹھان کوٹ-بھرمور قومی شاہراہ پر لہاڑ گاؤں کے قریب ایک گاڑی اچانک بے قابو ہو کر گہری کھائی میں گر گئی تھی۔ بتایا گیا کہ مسافر کسی کے علاج کے لیے جا رہے تھے۔ اس حادثے میں ایک بچے سمیت 5 لوگوں کی موت ہو گئی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔