ہندوکش ہمالیہ میں پھر سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ، 1950 کے بعد سب سے طاقتور ’ال نینو‘ کا خدشہ لاحق
رپورٹ میں وارننگ دی گئی ہے کہ شدید بارش یا برف باری کی وجہ سے مغربی ہمالیہ کے کچھ علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گر سکتے ہیں۔ خطے کے کچھ حصوں میں خشک سالی کا امکان بھی ہے۔

نیپال میں ایک بار پھر سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ لاحق ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک طاقتور ال نینو ہندوکش ہمالیہ کے کچھ حصوں میں معمول سے زیادہ بارش یا برف باری کا سبب بن سکتا ہے۔ ہندوکش ہمالیہ ونٹر آؤٹ لک 2026 انٹرنیشنل سینٹر فار انٹیگریٹڈ ماؤنٹین ڈیولپمنٹ (آئی سی آئی ایم او ڈی)، بیجنگ نارمل یونیورسٹی اور چائنیز اکیڈمی آف سائنسز کے انسٹی ٹیوٹ آف ایٹموسفیرک فزکس نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ اس رپورٹ میں نیپال، افغانستان اور بنگلہ دیش جیسے ممالک میں معمول سے زیادہ بارش اور برف باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں وارننگ دی گئی ہے کہ شدید بارش یا برف باری کی وجہ سے مغربی ہمالیہ کے کچھ علاقوں میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گر سکتے ہیں۔ وہیں اس خطے کے کچھ حصوں میں خشک سالی کا امکان بھی ہے، جس کی وجہ سے جنگلوں میں آگ لگنے کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ یہ پیش گوئی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب امریکی ادارے نیشنل اوشینک اینڈ ایٹموسفیرک ایڈمنسٹریشن نے طاقتور سے انتہائی طاقتور ال نینو کے سرگرم ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1950 میں ریکارڈ رکھنے کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد سے یہ اب تک کا سب سے طاقتور ال نینو ثابت ہو سکتا ہے۔
آئی سی آئی ایم او ڈی کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمالیہ کے دامن میں معمول سے زیادہ بارش ہو سکتی ہے، جبکہ بلند پہاڑی علاقوں میں زیادہ برف باری کا امکان ہے۔ یہ رپورٹ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے، جب نیپال اور بھوٹان میں مانسون تباہ کن ثابت ہوا ہے۔ اگست میں نیپال سیلاب میں تقریباً 1500 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جبکہ 5000 سے زیادہ افراد لاپتہ ہو گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق اس آفت کے بعد راحت اور بازآبادکاری کے کاموں پر ملک کو 4.7 ارب امریکی ڈالر خرچ کرنے پڑے۔ اس رپورٹ میں یہ امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ افغانستان، پاکستان، شمالی ہندوستان اور نیپال کے کچھ حصوں میں معمول سے زیادہ برف جمع ہو سکتی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
