ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل: پہلا ٹیسٹ ڈرا پر ختم ہونے کے بعد نیوزی لینڈ اور ہندوستان دونوں کو اٹھانا پڑا نقصان
ہندوستان ٹیم کے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچنے کی راہ ڈرا کے ساتھ مشکل ہو گئی ہے۔ ہندوستان کو فائنل کی ریس میں بنے رہنے کے لیے اب اپنے باقی 6 مقابلے جیتنے ضروری ہو گئے ہیں۔

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ویلنگٹن کے بیسن ریزرو میدان پر کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا رہا۔ حالانکہ پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے سے ورلڈ ٹیسٹ چمئپن شپ (ڈبلیو ٹی سی) کے پوائنٹس ٹیبل میں نیوزی لینڈ کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ ویلنگٹن ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد نیوزی لینڈ نے ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں اپنی دوسری پوزیشن گنوا دی ہے۔ نیوزی لینڈ کو ایک درجہ کا نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اب وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس ڈرا سے آسٹریلیا کو ضرور فائدہ پہنچا ہے اور وہ ایک درجہ اوپر چڑھ کر دوسرے مقام پر آ گیا ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی جیت کا تناسب اب 66.67 ہو گیا ہے، جبکہ آسٹریلیا کی جیت کا تناسب 69.23 ہے۔ جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر برقرار ہے اور ٹیم کی جیت کا تناسب 75 فیصد ہے۔ ہندوستانی ٹیم ڈبلیو ٹی سی کے پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر موجود ہے۔ حالانکہ پہلا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد ٹیم کی جیت کا تناسب اب 50 فیصد رہ گیا ہے۔ بنگلہ دیش 40.74 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ پانچویں نمبر پر قابض ہے۔
ہندوستان ٹیم کے ڈبلیو ٹی سی کے فائنل میں پہنچنے کی راہ اس ڈرا کے ساتھ مشکل ہو گئی ہے۔ اب ہندوستانی ٹیم کو مجموعی طور پر 6 ٹیسٹ میچ کھیلنے ہیں، جن میں سے ایک نیوزی لینڈ اور 5 مقابلے آسٹریلیا کے خلاف کھیلے جانے ہیں۔ ہندوستان کو فائنل کی ریس میں بنے رہنے کے لیے اب اپنے باقی تمام مقابلے جیتنے ضروری ہو گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نیوزی لینڈ نے ویلنگٹن ٹیسٹ کے پانچویں دن بہترین بلے بازی کرتے ہوئے خود کو شکست سے بچا لیا۔ ڈیرل مچیل اور گلین فلپس کی جوڑی نے 43 اوورز بلے بازی کی اور آخری سیشن میں اپنی ٹیم کو کوئی بھی جھٹکا نہیں لگنے دیا۔ نیوزی لینڈ نے ٹیسٹ کے آخری 2 سیشن میں صرف ایک وکٹ گنوایا۔ ڈیرل مچیل نے 186 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 49 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے اور گلین فلپس نے 126 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 26 رنز بنائے۔ اس سے قبل فلپس نے پہلی اننگ میں بھی 118 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
