پٹنہ میں خوفناک سڑک حادثہ، 26 سالہ نوجوان کی موت کے بعد تشدد والے حالات، 5 گاڑیاں نذر آتش، پولیس پر پتھراؤ
عینی شاہدین کے مطابق سڑک حادثہ کے بعد لوگوں نے اس بس کو گھیر کر آگ لگا دی، جس نے منیش کمار کو ٹکر ماری تھی۔ کچھ ہی دیر میں بس شعلوں کی زد میں آ گئی۔
بہار کی راجدھانی پٹنہ کے بائپاس تھانہ علاقہ میں واقع قومی شاہراہ پر جمعہ کو خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا، جس کے بعد زبردست ہنگامہ آرائی شروع ہو گئی۔ یہاں تیز رفتار بس کی زد میں آنے سے 26 سالہ نوجوان منیش کمار جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو گیا۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ اور متوفی کے اہل خانہ مشتعل ہو گئے اور سڑک پر نکل آئے۔ اس حادثہ سے غصہ میں بھرے ہجوم نے قومی شاہراہ کو جام کر دیا اور دیکھتے ہی دیکھتے معاملہ پُرتشدد ہو گیا۔ لوگوں نے بس سمیت کئی گاڑیوں کو آگ لگا دی، جس سے علاقے میں افراتفری مچ گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق سڑک حادثہ کے بعد لوگوں نے اس بس کو گھیر کر آگ لگا دی، جس نے منیش کمار کو ٹکر ماری تھی۔ کچھ ہی دیر میں بس شعلوں کی زد میں آ گئی۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی ٹیم موقع پر پہنچی، لیکن مشتعل ہجوم کی مخالفت کے باعث فائر بریگیڈ اہلکاروں کو بغیر کارروائی کے واپس لوٹنا پڑا۔ ہجوم نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کی بھی مخالفت کی، جس کے باعث انہیں پیچھے ہٹنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ مشتعل افراد نے صرف بس ہی نہیں بلکہ قریب کھڑی 4 سے 5 دیگر گاڑیوں کو بھی آگ کے حوالے کر دیا۔ ایک میڈیا رپورٹ میں پولیس کی 3 گاڑیوں کو آگے کے حوالہ کیے جانے کی بھی خبر دی گئی ہے۔ اس دوران مشتعل افراد نے پولیس اور میڈیا اہلکاروں پر پتھراؤ کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے۔ واقعہ کے بعد قومی شاہراہ پر ٹریفک مکمل طور پر ٹھہر سی گئی۔ کافی دیر تک سڑک پر کشیدگی اور افراتفری کا ماحول برقرار رہا۔
اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کے اعلیٰ افسران اضافی نفری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئے۔ حکام نے لوگوں کو سمجھانے اور صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی۔ فی الحال پولیس پورے معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ اس حادثہ کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے اور تشدد میں ملوث افراد کی شناخت کی جا رہی ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے پیش نظر اضافی سیکورٹی فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
