’بدعنوانی کھا رہی ہے روزگار اور تنخواہ‘، بے روزگاری سے متعلق وزیر اعظم مودی کی تشویش پر ششی تھرور کا جواب

ششی تھرور نے کہا کہ آج بھی ملازمت تلاش کرنا آسان نہیں ہے۔ یہاں تک کہ آئی آئی ٹی سے گریجویشن کرنے والے نوجوانوں کو بھی نوکری نہیں مل پا رہی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i

فکی (ایف آئی سی سی آئی) کے سالانہ اجلاس میں وزیر اعظم نریندر مودی نے صنعت کاروں سے ایک ایسا سوال پوچھ لیا، جس کے بعد روزگار اور تنخواہ دونوں کو لے کر بحث چھڑ گئی۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے وزیر اعظم نریندر مودی کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس میں تخفیف کی ہے، تاکہ روزگار کے مواقع بڑھیں اور ملازمین کو زیادہ تنخواہ دی جا سکے۔ اس کے بعد انہوں نے کہا کہ حکومت بدعنوانی پر لگام لگانے میں ناکام رہی ہے اور یہی بدعنوانی روزگار اور تنخواہوں کو کھا رہی ہے۔ دراصل وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ کمپنیوں کو کارپوریٹ ٹیکس میں راحت دی گئی ہے۔ 12 لاکھ روپے تک کی آمدنی کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، تو ملازمین کی تعداد اور ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا یا نہیں؟ انہوں نے کہا تھا کہ حکومت نے یہ اقدامات اسی مقصد سے کیے تھے کہ ملازمین کی تعداد میں اضافہ ہو اور لوگوں کی تنخواہیں بڑھیں۔

اس معاملہ میں کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ میرا خیال ہے وزیر اعظم نریندر مودی نے بالکل درست سوال کیا ہے۔ حکومت نے کارپوریٹ ٹیکس میں کمی کی ہے، تاکہ روزگار کے زیادہ مواقع پیدا ہوں اور کمپنیاں ملازمین کو زیادہ تنخواہ دے سکیں۔ حالانکہ اس کا فائدہ صحیح طریقے سے تقسیم نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملازمت تلاش کرنا آسان نہیں ہے۔ یہاں تک کہ آئی آئی ٹی سے گریجویشن کرنے والے نوجوانوں کو بھی نوکری نہیں مل پا رہی ہے۔ تھرور کے مطابق کاروبار کرنے میں آسانی (ایز آف ڈوئنگ بزنس) پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ بدعنوانی ایک بڑا مسئلہ ہے۔ اگر وزیر اعظم کمپنیوں اور صنعت کاروں پر انگلی اٹھائیں گے تو وہ حکومت پر انگلی اٹھائیں گے۔ ہمارا ماننا ہے کہ قواعد و ضوابط کو آسان بنا کر اور بدعنوانی پر لگام لگا کر ہی روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔ کاروباریوں کا کہنا ہے کہ بدعنوانی زیادہ ہونے کی وجہ سے ان کے لیے کاروبار کرنا آسان نہیں ہوتا ہے۔


حکومت کے بدعنوانی مخالف نعرے پر طنز کرتے ہوئے ششی تھرور نے کہا کہ وزیر اعظم تو کہا کرتے تھے کہ نہ کھاؤں گا، نہ کھانے دوں گا۔ اب پتہ چلا کہ وہ صرف بیف کے بارے میں ایسا کہہ رہے تھے۔ اس میں بدعنوانی کی کوئی جگہ نہیں تھی۔ پاکستانی وزیر مصدق ملک کے دورۂ ہندوستان پر ششی تھرور نے کہا تھا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات خراب ہیں، اس بات سے انکار نہیں کیا جا سکتا، لیکن کثیر ملکی فورم (ملٹی لیٹرل فورم) کی اپنی اہمیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت اسی وقت شروع ہو سکتی ہے، جب پاکستان دہشت گردی پر لگام لگائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہندوستان کسی بھی سطح پر دہشت گردی سے سمجھوتہ کرنے والا نہیں ہے۔