قومی خبریں

دہلی این سی آر میں جھما جھم بارش، جمنا کا پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل، سیلاب کا خدشہ، الرٹ جاری

دہلی این سی آر میں مسلسل بارش سے جمنا کا پانی تیزی سے بڑھنے لگا ہے۔ نچلے علاقوں میں کھیت، گھروں اور فارم ہاؤسز میں پانی گھس گیا ہے۔ انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت دی ہے

<div class="paragraphs"><p>جمنا کا پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل / تصویر آئی اے این ایس</p></div>

جمنا کا پانی گھروں اور کھیتوں میں داخل / تصویر آئی اے این ایس

 
IANS

دہلی-این سی آر میں جھما جھم بارش کے باعث ایک طرف جہاں لوگوں کو شدید گرمی اور گھٹن سے وقتی راحت ملی ہے، وہیں دوسری جانب بڑھتے ہوئے پانی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ جمنا کا پانی دوبارہ تیزی سے بڑھنے لگا ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں حالات خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ ہر طرف پانی بھرنے سے کھیت اور فارم ہاؤسز ڈوبنے لگے ہیں اور مقامی باشندوں کو اپنے گھروں سے نکل کر محفوظ مقامات کی طرف جانا پڑ رہا ہے۔

Published: undefined

مسلسل بارش کے ساتھ ساتھ ہریانہ کے ہتھنی کنڈ بیراج سے چھوڑے گئے پانی نے بھی جمنا کے پانی کی سطح کو خطرناک حد تک بڑھا دیا ہے۔ کئی خاندان اب سڑکوں پر ٹینٹ اور عارضی جھونپڑیاں بنا کر رہنے پر مجبور ہیں۔ یہ اس ماہ میں دوسرا موقع ہے جب جمنا کا پانی خطرے کے نشان سے اوپر چلا گیا ہے۔ اس سے پہلے بھی تیز بارش اور بیراج سے پانی چھوڑنے کی وجہ سے دہلی اور نواحی علاقوں میں سیلاب جیسی صورت حال پیدا ہو گئی تھی۔

مقامی انتظامیہ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور تٹ بندی کے قریب رہنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ دہلی کے مختلف علاقوں، خاص طور پر سنگم وہار اور نیم چوک روڈ پر شدید پانی بھرنے کی ویڈیوز سامنے آئی ہیں، جن میں سڑکیں تالاب میں بدلتی دکھائی دے رہی ہیں۔

Published: undefined

بھارتی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اپنے تازہ ترین بلیٹن میں بتایا ہے کہ 29 اگست سے 3 ستمبر تک دہلی این سی آر اور اطراف کے علاقوں میں مسلسل وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ 29 اور 30 اگست کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش، 31 اگست اور یکم ستمبر کو درمیانی درجے کی بارش جبکہ 2 اور 3 ستمبر کو دوبارہ گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

مسلسل بارش اور بڑھتے پانی کے باعث کسانوں کی کھڑی فصلیں تباہ ہونے کے دہانے پر ہیں جبکہ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر لے جانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ جمنا کنارے رہنے والے افراد میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ انتظامیہ نے کئی مقامات پر ریلیف کیمپ قائم کیے ہیں لیکن بارش اور بڑھتے پانی کی وجہ سے مسائل میں کمی کے بجائے مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

Published: undefined

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اگلے چند دنوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا تو دہلی این سی آر میں سیلابی صورت حال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ ایسی صورت میں نہ صرف عام زندگی بری طرح متاثر ہوگی بلکہ زرعی نقصان بھی بڑا ہوگا۔ مقامی شہریوں نے حکومت اور انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مستقل حل نکالیں تاکہ ہر سال بارش کے ساتھ پیدا ہونے والے اس بحران سے چھٹکارا مل سکے۔

Published: undefined