
تصویرکوثر جہاں ’ایکس‘ ہینڈل
ہندوستان سے آج باقاعدہ طور پر حج 2026 کا آغاز ہوگیا ہے۔ 371 عازمین کے ساتھ پہلا قافلہ آج صبح 7 بجے نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ہوائی اڈے کے ٹرمنل 3 سے مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوا۔ حجاج کی روانگی کے موقع پر ہفتہ کی رات سے ہی ایئرپورٹ پرعازمین کے پہنچنے کا سلسلہ شروع ہوگیا تھا۔ اس قافلے میں ملک کے مختلف حصوں کے عازمین حج شامل تھے۔ واضح رہے کہ اس سال سالانہ حج میں ہندوستان سے 175,025 عازمین حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
Published: undefined
اس سلسلے میں دہلی ایئرپورٹ کے ٹرمنل 3 پر ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سعودی عرب کے نائب حج مشن احمد مشبباب الحمری، دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں بیگم، وزارت اقلیتی امور کےسیکریٹری ڈاکٹر سریواستو کرشنا اورجوائنٹ سیکریٹری رام سنگھ خاص طور پر موجود تھے۔ حج انتظامات کے لیے نوڈل باڈی، وزارت اقلیتی امور، حج کمیٹی آف انڈیا، دیگر مرکزی وزارتوں، ریاستی حکومتوں اور سعودی حکام کے ساتھ مل کر وسیع پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں تاکہ بغیر کسی رکاوٹ کے لاجسٹکس اور زمینی سطح پر بہترین سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔
Published: undefined
اس موقع پر دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ آج حج 2026 کے لیے پہلی پرواز روانہ ہورہی ہے جس میں 371 عازمین شامل ہیں۔ انہوں نے تمام عازمین حج کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کے لیے ضروری سہولیات میں لگاتار اضافہ کیا جا رہا ہے اور ہماری حکومت ان کے آرام دہ اور آسان سفر کو یقینی بنا نے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
Published: undefined
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے ایک عازم حج نے کہا کہ اللہ نے مجھے حج 2026 کی سعادت عطا فرمائی ہے۔ آج اللہ کی مرضی سے ہماری پہلی پرواز نئی دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانہ ہورہی ہے۔ ایک دیگر خوش نصیب نے کہا کہ ہم سب کے لیے دعا کریں گے، ہرمسلمان کو مقدس مقام کی زیارت نصیب ہو، یہ میری زندگی میں پہلا موقع ہے کہ مجھے ایسا مقدس سفر کرنے کا موقع ملا ہے اور میں بہت خوش ہوں۔
Published: undefined
ایک دیگرعازم حج نے بتایا کہ میں دہلی کا رہنے والا ہوں، میرے پاس اس احساس کو بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ میں اس کے لیے حکومت اور منتظمین کا شکرگزار ہوں۔ غور طلب ہے کہ اس بار ہر حاجی کے لیے انشورنس کوریج میں اضافہ کرکے تقریباً 6.25 لاکھ روپئے کر دیا گیا ہے جس سے مقدس سفر کے دوران مالی اور صحت کی حفاظت کو تقویت ملے گی۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے درمیان تیز رفتار ٹرین سروس کے آغاز سے تقریباً 60 ہزار عازمین مستفید ہوں گے، جس سے سفر کو تیز اور آرام دہ ہوسکے گا۔
Published: undefined