پٹنہ: منشیات کے معاملے میں پکڑے گئے 2 افراد کو رقم لے کر چھوڑنے کے الزام میں 8 پولیس اہلکار معطل

الزام ہے کہ چھاپہ ماری ٹیم میں شامل پولیس اہلکاروں نے 2 افراد سے بھاری رقم لے کر انہیں پی آر بانڈ پر چھوڑ دیا۔ اس کے بعد رقم کے لین دین کو لے کر ان کے درمیان بحث و تکرار شروع ہو گئی۔

بہار پولیس / آئی اے این ایس
i

بہار کی راجدھانی پٹنہ کے پھلواری شریف تھانہ علاقے میں منشیات کی خرید و فروخت کے معاملے میں گرفتار ایک ملزم کے ساتھ پکڑے گئے 2 دیگر افراد کو مبینہ طور پر موٹی رقم لے کر چھوڑنے کے الزام میں 8 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

پٹنہ سٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ (مغربی) کے دفتر سے بدھ کو جاری کردہ بیان کے مطابق 26 اکتوبر کو پھلواری شریف تھانے کی پولیس نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر منشیات کی خرید و فروخت کے الزام میں چھاپہ ماری کی تھی۔ اس دوران عاقب خان عرف محمد ثاقب خان (32) کو منشیات کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے خلاف پھلواری شریف تھانہ کیس نمبر 1867/26 کے تحت این ڈی پی ایس ایکٹ اور آرمس ایکٹ کی مختلف دفعات میں مقدمہ درج کر کے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا گیا تھا۔


بتایا گیا ہے کہ چھاپہ ماری کے دوران عاقب خان کے ساتھ محمد آفتاب عالم اور محمد احسان کو بھی پکڑ کر تھانے لایا گیا تھا۔ حالانکہ ان دونوں کے نام نہ تو ایف آئی آر میں درج کیے گئے اور نہ ہی اس بارے میں اعلیٰ افسران کو اطلاع دی گئی۔ الزام ہے کہ چھاپہ ماری ٹیم میں شامل پولیس افسران اور اہلکاروں نے دونوں افراد سے بھاری رقم لے کر انہیں پی آر بانڈ پر چھوڑ دیا۔ اس کے بعد رقم کے لین دین کو لے کر پولیس اہلکاروں کے درمیان بحث و تکرار شروع ہو گئی۔ معاملہ اعلیٰ افسران کے علم میں آنے کے بعد اس کی جانچ شروع کی گئی۔

ابتدائی جانچ میں اس معاملے میں پھلواری شریف تھانے کے 5 پولیس افسران اور 3 دیگر اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ان میں سب انسپکٹر دیواکر پرساد، نارد منی سنگھ، ریتیش کمار، آکاش کمار اور پون کمار سمیت 3 دیگر پولیس اہلکار شامل ہیں۔ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، پھلواری شریف اس معاملے کی جانچ کر رہے ہیں۔ پولیس کے مطابق اس واقعے میں کچھ مقامی لوگوں کے ملوث ہونے کی بات بھی سامنے آئی ہے، جس کی جانچ کی جا رہی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔