حج 2026: بغیر سرکاری اجازت نامہ مکہ مکرمہ میں داخلہ ممنوع، عمرہ ویزا عارضی طور پر معطل
سعودی حکام نے واضح کر دیا ہے کہ حج کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلہ صرف سرکاری حج اجازت نامہ سے ہی ممکن ہے اور کوئی بھی سیاح یا وزٹ ویزا کے ذریعہ حج کرنے کی کوشش نہ کریں۔

سعودی عرب نے حج 2026 کے تحت بڑی اور سخت پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ نئے قوانین کے تحت اب مکہ میں بغیر سرکاری حج اجازت نامہ کے داخلے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی عمرہ ویزا بھی عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔ یہ قدم دنیا کے سب سے بڑے مذہبی انعقادات میں سے ایک حج کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ حج اور عمرہ کی وزارت اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کی مشترکہ کوششوں کے تحت لیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق ہر سال لاکھوں عازمین حج کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی اور ہجوم کو کنٹرول کرنے کے انتظام کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدامات عازمین حج کی سیکورٹی کو یقینی بنانے اور مقدس مقامات کو ہموار بنائے رکھنے کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ 13 اپریل 2026 سے نافذ قوانین کے مطابق صرف جائز حج اجازت نامہ رکھنے والے لوگوں کو ہی مکہ مکرمہ میں داخلے کی اجازت ہوگی۔ ساتھ ہی مکہ سے متعلق آفیشل کام یا رہائشی اجازت نامہ والے لوگوں کو ہی داخلہ ملے گا۔ حکام نے واضح کر دیا ہے کہ اس مدت کے دوران سیاحوں اور عمرہ زائرین سمیت دیگر تمام ویزا ہولڈرس کو داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
سعودی میڈیا کے ذریعہ جاری ایک بیان کے مطابق وزارت داخلہ کے افسران نے یہ فیصلہ زائرین کی سیکورٹی کو یقینی بنانے اور مقدس مقامات کے اندر آمد و رفت کو آسان بنانے کے مقصد سے لیا ہے۔ مکہ میں داخل ہونے والے اہم راستوں پر حفاظتی چوکیوں کو مضبوط کر دیا گیا ہے۔ حکومت نے مکہ کے تمام اہم راستوں پر سیکورٹی چیک پوائنٹس بھی بڑھا دیے ہیں، تاکہ بلا اجازت داخلے کو روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ کچھ سالوں میں ڈیجیٹل تکنیکوں کے استعمال میں اضافہ کیا ہے۔ ’نُسک ایپ‘ جیسے پلیٹ فارم کے ذریعہ زائرین کی شناخت اور اجازت نامہ کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔ افسران نے وارننگ دی ہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں پر بھاری جرمانہ، جلا وطنی اور مستقبل میں داخلے پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ حج کے نزدیک آنے کے ساتھ ہی سعودی عرب نے آفیشل طور پر عمرہ پرمٹ معطل کر دیے ہیں، جو مقدس مقامات کی تیاری کے لیے ایک معیاری سالانہ قدم ہے۔ حج کی تیاریوں کی وجہ سے عمرہ سے متعلق اہم تاریخوں کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے۔ عمرہ ویزا جاری ہونے کی آخری تاریخ 20 مارچ 2026، عمرہ ویزا پر سعودی میں داخلے کی آخری تاریخ 3 اپریل 2026 اور عمرہ زائرین کے لیے وہاں سے نکلنے کی آخری تاریخ 18 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اس کے بعد عمرہ ویزا پر سعودی عرب میں داخلہ نہیں ملے گا۔ حج کے اجازت نامہ کے بغیر مکہ میں قیام ممنوع ہوگا۔ جائز ویزا بھی ان پابندیوں کو منسوخ نہیں کر سکتیں۔
قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب نے 8 فروری 2026 سے حج ویزا جاری کرنا شروع کر دیا تھا۔ حکام کے مطابق 18 اپریل سے عازمین حج کا پہلا گروپ پہنچنا شروع ہوگا۔ حالانکہ آفیشل طور پر حتمی اعداد و شمار کی اب تک تصدیق نہیں ہو پائی ہے، لیکن ابتدائی اشارے بتاتے ہیں کہ اس بار عازمین حج کی تعداد گزشتہ کچھ سالوں کے مساوی یا اس سے زیادہ ہو سکتی ہیں۔ گزشتہ سال یعنی 2025 میں تقریباً 18 لاکھ (1.8 ملین) لوگوں نے حج کیا تھا۔ رواں سال اس تعداد میں مزید اضافے کی امید ہے، کیونکہ پوری دنیا سے بڑی تعداد میں حج ویزا کے درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
حکام نے واضح کر دیا ہے کہ حج کے دوران مکہ مکرمہ میں داخلہ صرف سرکاری حج اجازت نامہ سے ہی ممکن ہے اور کوئی بھی سیاح یا وزٹ ویزا کے ذریعہ حج کرنے کی کوشش نہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی تمام بکنگ اور اجازت نامہ صرف مجاز پلیٹ فارم سے ہی کریں۔ عمرہ کا سفر حج کے اختتام تک معطل رہے گا، جس کے جون میں ختم ہونے کی امید ہے، اس کے بعد خدمات آہستہ آہستہ دوبارہ شروع کی جائیں گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔