
سپریم کورٹ آف انڈیا / آئی اے این ایس
آسٹریلیائی مشنری گراہم اسٹینس اور ان کے دو کمسن بیٹوں کے قتل کے حساس مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے رویندر کمار پال عرف دارا سنگھ کی قبل از وقت رہائی کی درخواست پر سپریم کورٹ نے جمعہ کو اہم فیصلہ سناتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ عدالت نے کہا کہ اب یہ معاملہ فروری 2026 کے دوسرے ہفتے میں دوبارہ فہرستِ سماعت میں شامل کیا جائے گا۔
Published: 05 Dec 2025, 3:11 PM IST
سماعت کے دوران اوڈیشہ حکومت کی جانب سے عدالت کو مطلع کیا گیا کہ ریاستی حکومت نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو دارا سنگھ کی وقت سے پہلے رہائی کی درخواست پر غور کر رہی ہے۔ سرکاری وکیل نے بتایا کہ کمیٹی جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی، اسی لیے عدالت سے مزید وقت کی ضرورت ہے۔ اس موقف کو مدنظر رکھتے ہوئے عدالت نے اگلی سماعت تک کارروائی روک دی۔
Published: 05 Dec 2025, 3:11 PM IST
اپنی درخواست میں دارا سنگھ نے موقف اختیار کیا کہ وہ اب 61 برس کا ہو چکا ہے اور گزشتہ 24 برس سے زائد عرصے سے جیل میں قید ہے۔ درخواست کے مطابق اسے اس دوران ایک بار بھی پیرول نہیں ملی۔ اس نے عدالت کو بتایا کہ اپنی والدہ کے انتقال کے باوجود وہ آخری رسومات میں شریک نہیں ہو سکا۔ دارا سنگھ نے جیل میں اپنے بہتر طرزِ عمل کا حوالہ دیتے ہوئے جلد رہائی کی استدعا کی ہے۔
Published: 05 Dec 2025, 3:11 PM IST
قتل کا یہ واقعہ 23 جنوری 1999 کو اوڈیشہ کے ضلع کیونجھر کے منوہرپور گاؤں میں پیش آیا تھا، جب گراہم اسٹینس اپنے بیٹوں فلپ (10 سال) اور ٹموتھی (6 سال) کے ساتھ ایک گاڑی میں سو رہے تھے۔ مشتعل ہجوم نے ان کی جیپ کو آگ لگا دی تھی، جس کے نتیجے میں تینوں زندہ جل گئے۔ اس وحشیانہ واقعے نے نہ صرف ہندوستان بلکہ پوری دنیا میں شدید غم و غصہ بھڑکا دیا تھا۔
سی بی آئی کی تفتیش کے بعد دارا سنگھ کو مرکزی ملزم قرار دیا گیا۔ 2003 میں سیشن عدالت نے اسے سزائے موت سنائی، تاہم 2005 میں اوڈیشہ ہائی کورٹ نے یہ سزا عمر قید میں تبدیل کر دی۔ 2019 میں سپریم کورٹ نے بھی عمر قید کی سزا کو برقرار رکھا تھا۔
Published: 05 Dec 2025, 3:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 Dec 2025, 3:11 PM IST