قومی خبریں

کشمیر میں تازہ برف باری، سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع

صبح کے دس بجے تک پوری وادی، میدانوں، پارکوں، صحنوں، اشجار سے لے کر مکانوں کے چھتوں تک نے سفید چادر اوڑھ لی تھی تاہم میدانی علاقوں میں بارہ بجے سے قبل ہی برف باری کا سلسلہ تھم گیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی 

سری نگر: وادی کشمیر میں منگل کو بالائی علاقوں میں درمیانی درجے کی، جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکے درجے کی برفباری ہوئی۔ اس تازہ برف باری کا سلسلہ منگل کی علی الصبح سے ہی شروع ہوا جو میدانی علاقوں میں بارہ بجے سے قبل ہی تھم گیا۔ یہ رواں چلہ کلان کی پہلی وادی گیر برف باری ہے اس سے قبل بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکے درجے کی برف باری ہوئی تھی، لیکن میدانی علاقوں میں موسم خشک ہی رہا تھا۔

Published: undefined

محکمہ موسمیات کے مطابق وادی کشمیر میں 30 دسمبر سے موسم بہتر ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ متعلقہ محکمے کا کہنا ہے کہ وادی میں 30 دسمبر سے یکم جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ وادی کشمیر میں منگل کی صبح چلہ کلان کے نویں روز جب لوگ گھروں سے باہر نکلے تو میدانی و بالائی علاقوں میں جم کر برف باری ہو رہی تھی۔ بالائی علاقوں میں اگر چہ برف باری کا سلسلہ منگل کی علی الصبح ہی شروع ہوا تھا تاہم سری نگر میں قریب سات بجے صبح سے برف باری شروع ہوئی۔

Published: undefined

صبح کے دس بجے تک پوری وادی، میدانوں، پارکوں، صحنوں، اشجار سے لے کر مکانوں کے چھتوں تک نے سفید چادر اوڑھ لی تھی تاہم میدانی علاقوں میں بارہ بجے سے قبل ہی برف باری کا سلسلہ تھم گیا۔ وادی کے بالائی علاقوں میں بیشتر مقامات پر تین سے چار انچ برف جمع ہوئی تھی جبکہ میدانی علاقوں میں دو سے تین انچ برف جمع ہوئی تھی جو بعد میں موسم اور درجہ حرارت میں بہتری واقع ہونے کے ساتھ ہی پگھلنے لگی۔

Published: undefined

وادی کے میدانی علاقوں میں اگرچہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے مشینوں کو استعمال کرنے کی ضرورت نہیں پڑی لیکن سڑک پر پھسلن پیدا ہونے سے صبح کے وقت ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل واقع ہوا۔ وادی کشمیر کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں قریب سات انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں بھی تین سے چار انچ تازہ برف جمع ہوئی ہے۔

Published: undefined

ادھر سال نو کے آغازسے قبل تازہ برف باری سے گلمرگ اور پہلگام میں جہاں موجود سیاحوں میں خوشی کی للہر دوڑ گئی ہے وہیں مقامی و غیر مقامی سیاحوں کے رش میں اضافہ درج ہونے لگا ہے۔ وادی میں اس تازہ برف باری سے سردی کی شدت میں قدرے کمی واقع ہوئی ہے۔

Published: undefined

متعلقہ محکمہ کے مطابق گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ وادی کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Published: undefined

سرحدی ضلع کپوارہ میں گزشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ قاضی گنڈ میں منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ اور ککر ناگ میں منفی 3.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔ لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع کرگل میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 16.4 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined