قومی خبریں

عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کے بعد سابق آئی اے ایس افسر شاہ فیصل پر بھی پی ایس اے عائد

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ’’شاہ فیصل پر بھی پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا ہے۔ انہیں پانچ اگست 2019 کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وہ فی الحال ایم ایل اے ہوسٹل میں ہی نظربند رہیں گے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: جموں وکشمیر میں یونین ٹریٹری انتظامیہ نے سابق آئی اے ایس افسر اور جموں وکشمیر پیپلز مومنٹ (جے کے پی ایم) کے چیئرمین شاہ فیصل پر بھی پبلک سیفٹی ایکٹ (پی ایس اے) عائد کردیا ہے۔ شاہ فیصل وادی سے تعلق رکھنے والے آٹھویں سیاسی لیڈر ہیں جن پر پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آئی اے ایس ٹاپر رہ چکے شاہ فیصل پر جمعہ کے روز پی ایس اے عائد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 'شاہ فیصل پر بھی پی ایس اے کا اطلاق کیا گیا ہے۔ انہیں پانچ اگست 2019 کو حراست میں لیا گیا تھا۔ وہ فی الحال ایم ایل اے ہوسٹل میں ہی نظربند رہیں گے'۔

Published: undefined

قبل ازیں انتظامیہ نے 6 فروری کو سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ و محبوبہ مفتی، نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور پی ڈی پی لیڈر سرتاج مدنی پر پی ایس اے کا اطلاق کیا تھا۔ پھر 8 فروری کو پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) لیڈر اور سابق وزیر نعیم اختر پر (پی ایس اے) عائد کیا گیا اور انہیں سری نگر کے گپکار روڑ پر واقع 'ایم فائیو ہٹ' میں نظربند رکھا جائے گا۔

Published: undefined

نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ پر پی ایس اے کا اطلاق گزشتہ سال کے ستمبر میں کیا گیا تھا اور اس کی مدت ختم ہونے کے بعد اس میں مزید تین ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔ تاہم وہ اپنی رہائش گاہ، جس کو سب جیل میں تبدیل کیا گیا ہے، میں نظربند ہیں۔ پی ایس اے، جس کو نیشنل کانفرنس کے بانی شیخ محمد عبداللہ نے جنگل اسمگلروں کے لئے بنایا تھا، کو انسانی حقوق کے عالمی نگراں ادارے ’ایمنسٹی انٹرنیشنل‘ نے ایک 'غیرقانونی قانون' قرار دیا ہے۔

Published: undefined

اس قانون کے تحت عدالتی پیشی کے بغیر کسی بھی شخص کو کم از کم تین ماہ تک قید کیا جاسکتا ہے۔ جموں وکشمیر میں اس قانون کا اطلاق حریت پسندوں اور آزادی حامی احتجاجی مظاہرین پر کیا جاتا ہے۔ جن پر اس ایکٹ کا اطلاق کیا جاتا ہے اُن میں سے اکثر کو کشمیر سے باہر جیلوں میں بند کیا جاتا ہے۔

Published: undefined

بتادیں کہ مرکزی حکومت نے پانچ اگست 2019 کو جب جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 370 اور دفعہ 35 منسوخ کیں اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کیا تو درجنوں سیاسی لیڈران کو بند کیا گیا۔ تاہم گزشتہ چند ماہ کے دوران قریب دو درجن لیڈران کو رہا کیا گیا یا ایم ایل اے ہوسٹل سے رہا کرکے اپنے گھر میں نظربند کیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined