قومی خبریں

پنجاب میں تباہ کن سیلاب، سہارنپور سے مسلمانوں نے بڑھایا امداد کا ہاتھ

پنجاب کے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے سہارنپور کے مسلمانوں نے بھرپور تعاون کیا۔ ڈاکٹر عمر حق رانا کی قیادت میں لاکھوں روپے اور ضرورت کا سامان اکٹھا کر کے متاثرہ علاقوں کو بھیجا گیا

<div class="paragraphs"><p>شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان لدھیانوی (دائیں) اور سہارنپور میں امداد کے لیے سامان جمع کئے جانے کا منظر / تصویر بشکریہ پریس ریلیز</p></div>

شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان لدھیانوی (دائیں) اور سہارنپور میں امداد کے لیے سامان جمع کئے جانے کا منظر / تصویر بشکریہ پریس ریلیز

 

سہارنپور: پنجاب میں حالیہ دنوں آنے والے سیلاب نے ایسی تباہی مچائی کہ سینکڑوں دیہات ڈوب گئے، کھیت کھلیان، مویشی اور مکانات پانی میں بہہ گئے اور ہزاروں لوگ بے گھر ہو گئے۔ اس المناک صورت حال میں سہارنپور کے مسلمانوں نے انسانیت کا عملی ثبوت دیتے ہوئے امدادی سرگرمیاں شروع کر دیں۔

Published: undefined

شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان لدھیانوی کی اپیل پر سہارنپور سمیت مختلف شہروں سے مسلمانوں نے متاثرین کے لیے دل کھول کر امداد بھیجی۔ سہارنپور کے مسلم اکثریتی علاقے کھاتہ کھیڑی میں ایک منظم مہم چلائی گئی جہاں نوجوانوں، بچوں اور بزرگوں نے گھروں گھروں جا کر چندہ، کپڑے، راشن اور دیگر ضروری سامان جمع کیا۔ اس مہم کے نتیجے میں خطیر رقم اور بڑی مقدار میں اشیائے ضرورت اکٹھی ہوئیں۔

Published: undefined

ایک پریس ریلیز کے مطابق، انڈین فارماسسٹ ایسوسی ایشن کے قومی صدر ڈاکٹر عمر حق رانا نے قیادت کرتے ہوئے بتایا کہ مقامی عوام نے غیر معمولی جوش و جذبہ کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا، ’’ہمیں خوشی ہے کہ لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کئی لاکھ روپے اور بڑی مقدار میں راشن، کپڑے اور دیگر اشیا اکٹھی کی گئی ہیں۔ یہ سب صرف ایک مسجد یا ایک کمیٹی کی کوشش نہیں ہے بلکہ پورے علاقے کے لوگ اپنی اپنی سطح پر کام کر رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

ڈاکٹر رانا نے مزید بتایا کہ کھاتہ کھیڑی کو ’ووڈن سٹی‘ کہا جاتا ہے جہاں زیادہ تر لوگ لکڑی کے کام سے وابستہ ہیں۔ یہ لوگ بنیادی طور پر کاریگر اور مزدور ہیں لیکن اس کے باوجود انہوں نے جس ہمت اور جذبے کا مظاہرہ کیا وہ قابل ستائش ہے۔ ان کے مطابق مختلف مساجد اور تنظیموں میں الگ الگ سطح پر امداد اکٹھی کی جا رہی ہے اور جلد ہی مکمل اعداد و شمار سامنے آ جائیں گے کہ اس علاقے سے کتنی بڑی رقم اور سامان پنجاب بھیجا گیا۔

عمر حق رانا نے مزید کہا کہ اب انڈین فارماسسٹ ایسوسی ایشن کی ٹیم متاثرہ علاقوں میں خصوصی طور پر طبی امداد کے لیے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ دواؤں کا بڑا ذخیرہ اکٹھا کر کے وہاں کیمپ لگایا جائے تاکہ متاثرہ افراد کو بنیادی طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔‘‘

Published: undefined

واضح رہے کہ شاہی امام پنجاب مولانا محمد عثمان لدھیانوی نے بھی براہِ راست سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کر کے امدادی سرگرمیوں کی رہنمائی کی ہے۔ ان کی اس اپیل کے بعد نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر سے مسلمان متاثرین کی مدد کے لیے آگے بڑھ رہے ہیں۔

سہارنپور کی یہ مثال ایک نیا پیغام دے رہی ہے کہ سیلاب نے اگر پنجاب کی فصلیں، مکانات اور کاروبار تباہ کر دیے تو ملک بھر کے انسان دوست دل بھی اسی شدت سے دھڑکنے لگے۔ متاثرہ خاندانوں کو شاید نقصان کی مکمل تلافی نہ ہو سکے، مگر یہ یقین ضرور حاصل ہوگا کہ وہ تنہا نہیں ہیں اور ان کے دکھ درد میں مسلمان بھائی پوری طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined