قومی خبریں

شوپیاں میں جنگجوؤں اور فوجی اہلکاروں کے درمیان فائرنگ، ایک فوجی ہلاک

مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت 8 جٹ رجمنٹ سے وابستہ سپاہی رنبیر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ فی الوقت 34 آر آر کے ساتھ تعینات تھا۔ اس فائرنگ میں دیپک نامی ایک فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

سری نگر: جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے پندوشن میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کے دوران جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

Published: undefined

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ شوپیاں کے پندوشن نامی گائوں میں جنگجوئوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر فوج کی 34 راشٹریہ رائفلز، جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ اور سی آر پی ایف نے مذکورہ علاقہ کو گزشتہ رات محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رات کے قریب ڈیڑھ بجے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کے لئے سری نگر کی بادامی باغ فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس ہسپتال لے جایا گیا جہاں ایک فوجی اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

Published: undefined

مہلوک فوجی اہلکار کی شناخت 8 جٹ رجمنٹ سے وابستہ سپاہی رنبیر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ فی الوقت 34 آر آر کے ساتھ تعینات تھا۔ زخمی فوجی کی شناخت سپاہی دیپک کے طور پر ہوئی ہے۔ دریں اثنا پندوشن میں فورسز نے جنگجو مخالف آپریشن میں خلل ڈالنے والے مقامی لوگوں کے خلاف آنسو گیس کے گولوں اور پیلٹ بندوقوں کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں متعدد احتجاجی زخمی ہوئے ہیں۔

Published: undefined

ذرائع نے بتایا کہ علاقہ میں فورسز کی تلاشی مہم کے دوران مقامی لوگ بالخصوص نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی اور فورسز پر پتھرائو کی مرتکب ہوئی۔ فورسز نے ردعمل میں آنسو گیس کے گولے داغے اور چھرے والی بندوقوں کا استعمال کیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں متعدد احتجاجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جنہیں مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔ انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر ضلع شوپیاں میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ اس کے علاوہ حساس جگہوں پر سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔

Published: undefined

دوسری جانب ضلع پلوامہ کے لتر علاقہ میں جمعہ کی صبح جنگجوؤں کی طرف سے فوج کی بکتر بند گاڑی کو دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کی مدد سے اڑانے کی کوشش کی گئی۔ دھماکہ کے اس واقعہ میں کوئی اہلکار زخمی نہیں ہوا، تاہم گاڑی کو معمولی نوعیت کا نقصان پہنچا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined