قومی خبریں

بلڈوزر کے خوف سے شاہین باغ کے فرنیچر مارکیٹ میں افرا تفری، دکاندار خود ہٹا رہے سامان

ایس ڈی ایم سی کی کارروائی فی الحال ہوتی دکھائی نہیں دے رہی کیونکہ سریتا وِہار کے ایس ایچ او نے ایس ڈی ایم سی کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ دہلی پولیس کے جوانوں کی پہلے سے ہی دوسری جگہوں پر تعیناتی ہے۔

تصویر بشکریہ ’آج تک‘
تصویر بشکریہ ’آج تک‘ Admin

جنوبی دہلی میں تجاوزات ہٹائے جانے کی خبروں کے درمیان شاہین باغ کے فرنیچر مارکیٹ میں افرا تفری کا ماحول دیکھنے کو مل رہا ہے۔ فرنیچر بازار میں موجود کئی دکانوں کے مالکان خود ایسے سامان ہٹواتے ہوئے دیکھے جا رہے ہیں جو کہ سڑکوں پر پھیلے ہوئے تھے۔ عموماً یہ سامان دکانوں کے سامنے سڑک پر ہی رکھے ہوئے نظر آتے تھے۔ آج صبح جب ایس ڈی ایم سی نے بتایا کہ جسولہ علاقے میں تجاوزات ہٹانے کی معمول کی کارروائی ہونی ہے، تو شاہین باغ کے فرنیچر مارکیٹ کے دکاندار بھی سرگرم ہو گئے۔ چونکہ شاہین باغ جسولہ کے قریب ہے، اس لیے انھیں خوف ہے کہ کہیں اچانک افسران ان کی دکانوں کی طرف رخ نہ کر لیں۔

Published: undefined

اس درمیان ایس ڈی ایم سی کی کارروائی فی الحال ہوتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے کیونکہ سریتا وِہار کے ایس ایچ او راکیش کمار نے ایس ڈی ایم سی کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ دہلی پولیس کے جوانوں کی پہلے سے ہی دوسری جگہوں پر تعیناتی ہے۔ اس وجہ سے وہ تجاوزات ہٹانے والی کارروائی کے لیے آج سیکورٹی فورس کی اضافی تعیناتی سریتا وِہار میں نہیں کر پائیں گے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی تجاوزات ہٹاؤ مہم کے لیے ایس ڈی ایم سی کو کم از کم 10 دن پہلے جانکاری دے تو بہتر ہوگا۔

Published: undefined

واضح رہے کہ ایس ڈی ایم سی نے آج تجاوزات ہٹاؤ مہم چلانے کی جانکاری دی اور بتایا کہ اس میں ایس ڈی ایم سی کے افسران شامل ہوں گے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ سڑکوں پر غیر قانونی پارکنگ اور غیر قانونی ریہڑی پٹری والوں پر یہ کارروائی ہوگی۔ کہا گیا تھا کہ ایس ڈی ایم سی کے میئر اس کارروائی کے دوران وہاں موجود نہیں رہیں گے اور وہاں کوئی توڑ پھوڑ یا کوئی اسپیشل مہم نہیں چلائی جائے گی۔ ایس ڈی ایم سی کو یہ صفائی اس لیے دینی پڑی تھی کیونکہ جنوبی دہلی میونسپل کارپوریشن کے میئر مکیش سورین نے کہا تھا کہ جہانگیر پوری کے بعد اب جنوبی دہلی کے علاقوں میں بلڈوزر چلے گا۔ اس میں انھوں نے کہا تھا کہ شاہین باغ میں سرکاری جگہوں پر تجاوزات ہے۔ اس کے علاوہ سریتا وِہار، کالندی کنج میں لوگوں نے کالونی کاٹ کر غیر قانونی قبضہ کیا ہوا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined