قومی خبریں

سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل کے انتقال پر فاروق، عمر، محبوبہ، سوز اور میر افسردہ

پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں موصوف کانگریس لیڈر کی رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 'احمد بھائی کے انتقال کی خبر نے رنجیدہ کر دیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس 

سری نگر: جموں و کشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بتا دیں کہ احمد پٹیل بدھ کی علی الصبح گڑگاؤں کے میدانتا اسپتال میں انتقال کر گئے۔ ان کا ایک ماہ قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

Published: undefined

عمر عبداللہ نے اظہار افسوس کرتے ہوئے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'احمد پٹیل صاحب کے انتقال کی خبر سن کر مجھے اور میرے والد محترم کو بہت ہی رنج ہوا۔ ہمارے احمد بھائی کے ساتھ کافی دیرینہ سیاسی تعلقات کے علاوہ ذاتی تعلقات بھی تھے۔ اللہ انہیں جنت نصیب کرے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے'۔

Published: undefined

پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اپنے ایک ٹوئٹ میں موصوف کانگریس لیڈر کی رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ 'احمد بھائی کے انتقال کی خبر نے رنجیدہ کر دیا۔ وہ انتہائی منکسر المزاج، نرم دل اور فراخ دل شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت نصیب کرے، میں ان کے فرزند فیصل اور دیگر اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتی ہوں'۔

Published: undefined

جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر غلام احمد میر نے بھی سینئر کانگریس لیڈر احمد پٹیل کی رحلت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'سینئر کانگریس لیڈر اور دوست احمد پٹیل جی کی بے وقت موت سے بے حد دکھ پہنچا ہے۔ یہ کانگریس پارٹی اور مجھ جیسے کانگریسی کارکنوں کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ پٹیل جی کے خاندان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کرتا ہوں'۔

Published: undefined

سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے بھی احمد پٹیل کی 'بے وقت' موت پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے یہاں جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سینئر لیڈر احمد پٹیل کی بے وقت موت پر گہرے صدمے کا اظہار کرتا ہوں'۔

Published: undefined

پروفیسر سوز نے کہا کہ میں نے ہمیشہ دیکھا کہ احمد پٹیل کے ارد گرد لوگوں کا ہجوم ہو تا تھا اور سارے لوگ اُن کو احمد بھائی کہہ کر پکارتے تھے اور وہ ہر شخص کے ساتھ خندہ پیشانی سے ملتے تھے اور مسائل کا حل ڈھونڈنے کی کوشش کرتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ احمد پٹیل کی موت کل ہند کانگریس اور ملک کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔ احمد بھائی کی موت سب سے زیادہ گاندھی پریوار کے لئے نقصان ہے جس خاندان کی طرف احمد بھائی کی وفاداری ہمیشہ غیر متذلذل رہی۔

Published: undefined

پروفیسر سوز نے کہا کہ احمد بھائی کے حلقہ احباب میں سماج کے مختلف گروہ اور فرقے شامل تھے اور اُس کا سارا وقت لوگوں کے مسائل سننے اور مسائل کا حل سوچنے میں گزرتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 'میں نے احمد بھائی کو قریب سے دیکھا اور یہ پایا کہ وہ لوگوں کے جم غفیر کو سنتے تھے اور وقت کی قید کے بغیر مسائل کا حل تلاش کرنے میں اپنا وقت گزارتے تھے۔ موت کے بے رحم ہاتھوں نے احمد پٹیل کو ہندوستانی سماج سے چھینا اور اُن کی موت بہت لوگوں کے لئے صدمے کی بات ہے!''

Published: undefined

سوز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ احمد پٹیل کی موت جہاں اہل خاندان کے لئے عظیم صدمے کی بات ہے، وہاں اُن کی موت سے سونیا گاندھی اور اُن کے خاندان کو زبردست صدمہ پہنچا ہے کیونکہ احمد پٹیل برس ہا برس تک سونیا گاندھی اور اُن کے خاندان کے لئے مشیر خاص کے طور کام کرتے رہے اور احمد بھائی نے اپنی وفاداری کا سکہ جمایا تھا!

Published: undefined

ان کا بیان میں مزید کہنا تھا کہ 'میں احمد بھائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ اُن کو جنت الفردوس میں جگہ دے اور لواحقین کو صبر وجمیل سے نوازے'۔ قابل ذکر ہے کہ احمد پٹیل کے انتقال کی خبر ان کے فرزند فیصل پٹیل نے ایک ٹوئٹ کر کے دی۔

Published: undefined

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 'میں گہرے رنج و غم سے یہ خبر دیتا ہوں کہ میرے والد احمد پٹیل 25 نومبر کی علی الصبح ساڑھے تین بجے انتقال کر گئے۔ قریب ایک ماہ قبل کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کئی اعضا کی خرابی کی وجہ سے ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ نصیب کرے'۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined