قومی خبریں

فیس بک تنازعہ: سپریم کورٹ نے دہلی قانون ساز اسمبلی کی کمیٹی کو بھیجا نوٹس، آئندہ سماعت 15 اکتوبر کو

عدالت عظمیٰ نے دہلی فسادات معاملہ میں فیس بک کے نائب صدر اجیت موہن کو سمن جاری کیے جانے کو چیلنج دینے والی عذرداری پر دہلی اسمبلی کی ’امن اور ہم آہنگی‘ کمیٹی کو نوٹس جاری کیا۔

سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images
سپریم کورٹ آف انڈیا - فائل تصویر / Getty Images 

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے دہلی فسادات میں فیس بک کے نائب صدر اجیت موہن کو سمن جاری کیے جانے کو چیلنج دینے والی عذرداری پر دہلی اسمبلی کی ’امن اور ہم آہنگی‘ کمیٹی کو بدھ کو نوٹس جاری کیا اور معاملے کی سماعت 15 اکتوبر تک ملتوی کردی۔ جسٹس سنجے کشن کول، جسٹس انیرودھ بوس اور جسٹس کرشن مراری کی بنچ نے اجیت موہن کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل ہریش سالوے اور اسمبلی کی کمیٹی کے چیئرمین راگھو چڈھا کی جانب سے پیش سینئر وکیل ابھیشیک منو سنگھوی کی دلیلیں سننے کے بعد کمیٹی کو نوٹس جاری کیا گیا۔

Published: undefined

ہریش سالوے نے دلیل دی ہے کہ اسمبلی کی کمیٹی کے سامنے نجی طور سے پیش ہونا اور اسے سزا کی دھمکی دینا بنیادی آزادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ اس پر سنگھوی نے دلیل دی ہے کہ کمیٹی کے ذریعہ موہن کو ملزم کے طور پر نہیں بلایا گیا تھا بلکہ انہیں فیس بک کے غلط استعمال پر لگام لگانے کے لئے نظام تیار کرنے کے ارادے سے دعوت دی گئی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عدالت عظمی میں سماعت کے پیش نظر کمیٹی کی آج کی مجوزہ میٹنگ رد کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موہن کے خلاف کسی بھی طرح کی تعزیراتی کارروائی نہیں کی جائے گی۔

Published: undefined

اس یقین کے بعد عدالت نے معاملے کی سماعت کے لئے 15 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی، ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ موہن کی عذرداری کے نپٹانے تک کمیٹی کی کوئی میٹنگ منعقد نہیں کی جائے گی۔ اس سے پہلے سالوے نے کہا تھا کہ موہن امریکہ میں واقع کمپنی (فیس بک) کے ملازم ہیں اور وہ ہندوستانی سیاست جیسے حساس مسائل پر نہیں بولنا چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں اظہار رائے کی آزادی کی بنیاد ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ شہری کو بولنے کا بھی حق ہے اور خاموش رہنے کا بھی۔ عرضی گزار نے اسمبلی کی کمیٹی کے ذریعہ 10 اور 18 ستمبر کو جاری سمن کو چیلنج کیا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined