قومی خبریں

بنگال: وزیر پارتھو چٹرجی کی قریبی ارپیتا کے خلاف ای ڈی نے پھر مارا چھاپہ، 29 کروڑ نقد اور 5 کلو سونا برآمد

ارپیتا مکھرجی کے دوسرے گھر پر ای ڈی نے چھاپہ مارا اور 18 گھنٹے تک تلاشی لی۔ اس دوران 29 کروڑ روپے نقد اور 5 کلو سونا برآمد کیا گیا۔ اب تک ارپتا کے قبضہ سے 50 کروڑ روپے برآمد کئے جا چکے ہیں

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

کولکاتا: اساتذہ تقرری گھوٹالہ میں گرفتار بنگال کے وزیر پارتھو چٹرجی کی قریبی ساتھی ارپیتا مکھرجی کے گھر پر ای ڈی نے بدھ کے روز چھاپہ مارا۔ ای ڈی نے ارپیتا کے اس گھر سے بھی نوٹوں کا خزانہ برآمد کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ای ڈی نے تقریباً 18 گھنٹے تک اس گھر کی تلاشی لی، جس میں 29 کروڑ روپے نقد اور زیورات اور بسکٹ کی شکل میں 5 کلو سونا برآمد ہوا۔ نوٹوں کی گنتی رات بھر جاری رہی۔

Published: 28 Jul 2022, 8:42 AM IST

خیال رہے کہ اس سے پہلے بھی ای ڈی نے ارپیتا کے ایک اور گھر پر چھاپہ مارا ہے، جس میں تحقیقاتی ایجنسی نے 20.9 کروڑ روپے نقد اور تمام جائیدادوں کے دستاویزات برآمد کیے تھے۔ تحقیقاتی ایجنسی سے وابستہ ذرائع کے مطابق ارپیتا مکھرجی کے دونوں فلیٹس سے اب تک 50 کروڑ روپے کی نقدی برآمد ہوئی ہے۔

Published: 28 Jul 2022, 8:42 AM IST

قبل ازیں، بدھ کی شام تفتیشی افسران کی ٹیم کولکاتا کے بیلگھریا علاقے میں ارپیتا کے گھر پہنچی اور فلیٹ کی چابی نہ ہونے کی وجہ سے افسران تالا توڑ کر اندر داخل ہو گئے۔ رپورٹس کے مطابق ارپیتا مکھرجی کے اس گھر سے بھی بڑے پیمانے پر نقد رقم برآمد ہونے پر افسران دنگ رہ گئے اور فوری طور پر بینک حکام کو موقع پر طلب کر کے نوٹوں کی گنتی شروع کرائی گئی۔ ذرائع کے مطابق افسران نے جائیداد کی کچھ دیگر دستاویزات بھی برآمد کئے ہیں۔ ارپیتا مکھرجی کے گھر سے برآمد ہونے والی اس رقم کی گنتی چار بینک ملازمین نے کی اور گنتی کے لئے 5 مشینیں استعمال کی گئیں۔

Published: 28 Jul 2022, 8:42 AM IST

خیال رہے کہ پارتھو چٹرجی اور ارپیتا مکھرجی فی الحال 3 اگست تک ای ڈی کی حراست میں ہیں۔ گرفتاری کے بعد جانچ ایجنسی کے اہلکاروں کو پارتھو کو اسپتال میں داخل کرانا پڑا تھا۔ ان سے اساتذہ بھرتی گھوٹالہ کے بارے میں مسلسل پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ ارپیتا کے گھر سے جو رقم برآمد ہوئی ہے وہ گھوٹالہ کے ذریعے کمائی گئی ہے اور اس کے مالک پارتھو چٹرجی ہیں۔

Published: 28 Jul 2022, 8:42 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 28 Jul 2022, 8:42 AM IST

,
  • دہلی کے بعد احمد آباد میں بھی اسکولوں کو بم کی دھمکی بھرا ای-میل موصول، پولیس تحقیقات شروع