
کیرالہ ہائی کورٹ / آئی اے این ایس
ترواننت پورم: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کو سبریمالا سونے کی چوری معاملے میں مبینہ منی لانڈرنگ کے زاویے کی تحقیقات تیز کر دی ہے۔ اس دوران کیرالہ، تمل ناڈو اور کرناٹک میں 21 مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے گئے۔ اس معاملے میں مجموعی طور پراسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اب تک 13 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ تمام گرفتار ملزمین اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔
Published: undefined
ای ڈی کی یہ چھاپے ماری ایسے وقت میں ہورہی ہے جب کیرالہ ہائی کورٹ کی نگرانی میں کام کرنے والی ایک خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) مندر سے سونے کی مبینہ ہیرا پھیری کی متوازی مجرمانہ تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ای ڈی نے اہم ملزمین کے گھروں کی تلاشی شروع کی جن میں پہلے ملزم انی کرشنن پوٹی، سی پی آئی (ایم) لیڈر مراری بابو، اے پدم کمار اور این واسو شامل ہیں۔ مزید برآں بیلاری کے سونے کے تاجر گووردھن اور چنئی واقع اسمارٹ کریشنز کے سی ای او پنکج بھنڈاری کے ٹھکانوں پر بھی تلاشی لی گئی، جن پر سونے کی پلیٹوں کو پگھلانے اور ٹھکانے لگانے میں مدد کرنے کا الزام ہے۔
Published: undefined
ترواننت پورم میں ٹراوانکور دیواسووم بورڈ کے ہیڈکوارٹرمیں بھی تلاشی لی گئی۔ ترواننت پورم کے قریب کلیمانور اور بنگلورو کے شری رام پورا میں انی کرشنن پوٹی کے گھروں، کوٹائم میں مراری بابو کے گھر، پیٹا میں این واسو کے گھر اور ارنمولہ میں اے پدم کمار کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے۔
Published: undefined
ای ڈی سے وابستہ ذرائع نے بتایا کہ تانترک کنٹارار راجیو کے گھر پر ابھی تک کوئی تلاشی نہیں لی گئی ہے۔ ای ڈی نے جرم سے حاصل ہوئے پیسوں کی مبینہ منی لانڈرنگ کی جانچ کے لیے پولیس ایف آئی آر کی طرح ایک انفورسمنٹ کیس انفارمیشن رپورٹ (ای سی آئی آر) درج کی ہے۔ تفتیش کار فنڈز کے ذرائع، فنڈز کے لین دین اور اثاثوں کو چھپانے کے امکان کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ افسران کا کہنا ہے کہ اگر غیر متناسب اثاثے پائے گئے تو اثاثے ضبط کرنے کی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
Published: undefined
اس جانچ کی نگرانی ای ڈی کی کوچی یونٹ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر راکیش کمار کررہے ہیں۔ دریں اثنا، کیرالہ ہائی کورٹ نے منگل کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کو ہدایت دی کہ وہ سبریمالا مندر کی تحقیقات کرے تاکہ سونے کی مبینہ چوری کے پیچھے سازش اور طریقہ کار کو بے نقاب کیا جا سکے۔ سائنسی نتائج کی بنیاد پر مندر کے اندر اور اردگرد شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined