ڈی کے شیوکمار، تصویرسوشل میڈیا، بشکریہ @INCIndia
کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے ریاستی صدر ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ پارٹی کے ’ووٹ چور گدی چھوڑ‘ مہم کے تحت ریاست میں تقریباً 1.21 کروڑ لوگوں کے دستخط لیے گئے ہیں۔ ڈی کے شیوکمار نے پیر کو دہلی واقع پارٹی ہیڈکوارٹر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریاست کے سینئر لیڈران کے ساتھ بڑے پیمانے پر ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ مہم کے تحت 1.21 کروڑ لوگوں کے دستخط جمع کیے گئے ہیں اور تمام دستخط اعلیٰ کمان کو سونپے گئے ہیں۔‘‘
Published: undefined
نائب وزیر اعلیٰ کا کہنا ہے کہ ’’ووٹ چور گدی چھوڑ مہم کے تحت جمع کیے گئے دستخطوں میں کرناٹک پہلے مقام پر ہے۔ اعلیٰ کمان کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو شامل کرنے کے لیے مہم جاری رہے گی۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے دستخطوں والے کاغذات کے بنڈل بھی کانگریس ہیڈکوارٹر میں جمع کرا دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی جے پی غلطیوں کو تسلیم نہیں کرتی اور یہی اصول الیکشن کمیشن پر بھی نافذ ہوتا ہے۔ دونوں ’ووٹ چوری‘ کی حقیقت سے انکار کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا ہے کہ ’’ہم ملک کے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ووٹ چوری ہوئی ہے اور یہ سلسلہ جاری ہے۔ لیکن لوگوں کو سمجھنا ہے کہ وہ محتاط رہیں اور ووٹ چوری نہ ہونے دیں۔‘‘
Published: undefined
کانگریس لیڈر نے کہا کہ دستخط مہم میں پارٹی کے لوگوں نے ووٹرس سے ذاتی سطح پر بھی جانکاری حاصل کی ہے۔ اس میں سوا کروڑ لوگوں کے دستخط کانگریس کارکنان نے لوگوں کے گھروں پر جا کر کروائے ہیں۔ ہر گھر جا کر یہ دستخط کرانے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کام میں پارٹی کے تمام سطح کے لیڈران نے مہم کی بھرپور حمایت کی ہے۔ یہ تمام کام کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی ہدایت پر ہوا ہے اور جو ٹاسک انہوں نے کرناٹک کانگریس کے لیڈران کو دیا اسے بخوبی پورا کیا گیا ہے۔
Published: undefined
ڈی کے شیوکمار نے یہ بھی کہا کہ دستخط مہم میں ہر شخص کے نام کے ساتھ اس کا فون نمبر شامل کیا گیا ہے۔ اس کام کے ذریعہ لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دستخطوں کے بنڈل کرناٹک سے وہ لے کر آئے ہیں اور اس کی اطلاع صبح کھڑگے سے مل کر وہ دے چکے ہیں۔ کانگریس لیڈر کے مطابق ووٹ چوری صرف ایک ریاست کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ پورے ملک میں ایسا ہی ہو رہا ہے۔ پورے ملک کے لوگ اس مہم میں حصہ لے کر دستخط بھیج رہے ہیں۔ ہم جمہوریت کو بچانے کی لڑائی لڑ رہے ہیں۔
Published: undefined
ڈی کے شیوکمار نے الیکشن کمیشن پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کو معلوم ہے کہ ووٹر لسٹ میں بے ضابطگیاں ہو رہی ہیں، لیکن وہ کوئی ٹھوس کارراوائی نہیں کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ’’کمیشن بہار سمیت پورے ملک کے ووٹرس کے ساتھ انصاف نہیں کر رہا ہے۔‘‘ ان کا کہنا ہے کہ کانگریس اس معاملہ کو صرف سیاسی ہی نہیں بلکہ جمہوریت کے تحفظ سے منسلک مہم تصور کرتی ہے۔ پارٹی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ملک کے ہر شہری کا ووٹ محفوظ رہے اور کسی بھی طرح کی ہیراپھیری کو روکا جا سکے۔
Published: undefined
تصویر: محمد تسلیم