قومی خبریں

دِوّیہ کلا میلہ: معذور اشخاص اپنے فن و دستکاری سے جیت رہے لوگوں کا دل 

معذور شخص نریش بھائی مکوانہ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے ہمیشہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کا ساتھ دیا ہے، 2021 میں ہم نے صرف 2000 روپے سے کاروبار شروع کیا اور آج ہمارا کاروبار 4 لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>دِوّیہ کلا میلہ</p></div>

دِوّیہ کلا میلہ

 

تصویر: محمد تسلیم

نئی دہلی: وزارت برائے سماجی انصاف کی جانب سے معذور افراد کو باختیار بنانے کے لیے بائیسویں ’دِوّیہ کلا میلہ‘ کا انعقاد ہوا ہے جو آب و تاب سے جاری ہے۔ یہ میلہ نیتاجی سبھاش چندربوس پرتیما کے نزدیک کرتویہ پتھ (انڈیا گیٹ، نئی دہلی) پر سجایا گیا ہے جہاں لوگوں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ دوّیہ کلا میلہ کا بنیادی مقصد معذور اشخاص کو ایک پلیٹ فارم دینا ہے تاکہ وہ اپنی دستکاری اور مصنوعات کو فروغ دے کر معاشی طور پر مضبوط ہو سکیں۔ یہ میلہ 12 دسمبر سے 22 دسمبر 2024 تک لگا ہوا ہے جس میں صبح 11 بجے سے رات 9 بجے تک لوگ شرکت کر سکتے ہیں۔ تاہم معذور آرٹسٹ کے فن کی مہارت کا لطف لینے کے ساتھ ساتھ ان کے ہاتھ کی بنائی ہوئی مصنوعات بھی خرید سکتے ہیں۔

Published: undefined

دِوّیہ کلا میلہ میں آپ کو معذور اشخاص کی ایسی ایسی کہانیاں اور مثالیں دیکھنے کو ملیں گی جو زندگی میں مایوس لوگوں میں نئی روح پھونکنے کا کام کر رہی ہیں۔ معذور ہونے کے باوجود وہ مایوس بالکل نہیں ہیں بلکہ اپنے فن و ہنر سے لوگوں کا دل جیت رہے ہیں اور لوگوں کو حوصلہ دے رہے ہیں۔

Published: undefined

میلہ میں آئے کچھ معذور اشخاص سے نمائندہ نے بات چیت کی اور ان کے ہنر کے بارے میں جانا۔ گجرات کے شہر سورت کے رہنے والے نریش بھائی مکوانہ، جو پہلے ایک چھوٹی سی پرچون کی دکان چلا کر روزی کماتے تھے، نے خود کو مالی طور پر مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا تو کامیابی نے ان کے قدم چوم لیے۔ نریش اس بات کی تازہ مثال ہیں کہ اگر کوئی شخص کسی بھی طرح کا کام پوری محنت و لگن سے شروع کرتا ہے تو اس کو کامیابی ضرور ملتی ہے۔ نریش بھائی مکوانہ اپنی اہلیہ نیلم نریش کے ساتھ 22ویں دوّیہ کلا میلہ میں اسٹال لگائے ہوئے ہیں جہاں معذور اشخاص کے ہاتھوں سے تیار کردہ اشیاء اور زیورات لوگوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔

Published: undefined

نریش بھائی مکوانہ اور ان کی اہلیہ

نریش بھائی مکوانہ نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے ہمیشہ زندگی کے ہر موڑ پر ان کا ساتھ دیا ہے۔ وہ کہتےہیں کہ ’’سال 2021 میں ہم نے صرف 2000 روپے سے کاروبار شروع کیا اور آج ہمارا کاروبار 4 لاکھ روپے تک پہنچ گیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں ہم نے براس میٹل اور جرمن سلور سے بریسلیٹ بنائے اور پھر 2022 میں ممبئی میں دویہ کلا میلہ کا انعقاد کیا گیا جہاں ہم نے اپنے تیار کردہ بریسلٹس فروخت کی۔ وہاں ہمیں بہت اچھا رسپانس دیکھنے کو ملا۔ ہم اپنے ذہن سے سوچ کر لاکیٹس، بریسلیٹ، بالیاں، انگوٹھیاں، جھمکے وغیرہ ڈیزائن کرتے ہیں۔ تاہم ہماری کامیابی کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہم جو زیورات ہاتھوں سے تیار کرتے ہیں وہ کسی کی کاپی نہیں ہوتی، اس وجہ سے بھی لوگ ہمارے زیورات پسند کرتے ہیں۔ نریش بھائی کا کہنا ہے کہ ان کے پاس 40 سے زیادہ ڈیزائن کے زیورات ہیں اور دہلی کے لوگ ان کے زیورات کو بہت پسند کر رہے ہیں۔ دہلی میں رہنے والے ہمارے اسٹال نمبر 6 پر آ سکتے ہیں۔

Published: undefined

نریش بھائی مکوانہ اور ان کی اہلیہ

میلہ میں موجود اپنی پینٹنگز سے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے والی کاجل سنگھ سندھی یوں تو بولنے سے قاصر ہیں، لیکن ان کے ہاتھوں سے بنائی ہوئی پینٹنگز باتیں کرتی نظر آتی ہیں۔ گجرات کے احمد آباد سے تعلق رکھنے والی کاجل نے بی کام تک تعلیم حاصل کی ہے اور انہیں پینٹنگ کا شوق بچپن سے ہی ہے۔ وہ شیشے پر پینٹنگ، وال پینٹنگ، لکڑی کے تختوں پر پینٹنگ، اسکیچنگ اور مہندی ڈیزائن میں مہارت رکھتی ہیں۔

Published: undefined

کاجل سنگھ سندھی

کاجل نے نہ صرف اپنی پینٹنگز کے ذریعے اپنے آپ کو خود کفیل بنایا ہے بلکہ وہ اپنی بیٹی بھویہ کی پرورش بھی اپنے اسی کام سے کر رہی ہیں۔ اپنے اس فن کو مزید فروغ دینے اور لوگوں کو سکھانے کی غرض سے کاجل ڈرائنگ اور آرٹ کی کلاسیں بھی چلاتی ہیں۔ ان کی بیٹی بھویہ اور شوہر پرکاش کمار ہر نمائش میں ان کے ساتھ شرکت کرتے ہیں اور ان کے فن کے بارے میں لوگوں کو بتانے میں مدد کرتے ہیں۔ اشاروں کی زبان کی سمجھ رکھنے والے لوگوں نے نمائندہ کو بتایا کہ کاجل کا کہنا ہے کہ اس میلے کا حصہ بننا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ دہلی کے لوگ کافی دلچسپ اور حوصلہ مند ہیں، وہ میری پینٹنگ دیکھ کر میرا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔ کاجل ممبئی، ہریانہ اور دوسری ریاستوں میں منعقد ہونے والے معذوروں کے میلہ میں بھی شرکت کر چکی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined