قومی خبریں

دہلی: 26 جنوری کو قیدیوں کو دی جائے گی خصوصی معافی، طے شدہ شرائط پر رہائی کا اعلان

یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی حکومت نے اہل قیدیوں کو خصوصی سرکاری معافی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ معافی ان سزا یافتہ قیدیوں پر نافذ ہوگی، جنہیں دہلی کی فوجداری عدالتوں کے ذریعہ سزا سنائی گئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

 

یوم جمہوریہ کے موقع پر دہلی حکومت نے اہل قیدیوں کو خصوصی سرکاری معافی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دہلی کے وزیر داخلہ آشیش سود نے اس حوالے سے بتایا کہ یہ معافی ان سزا یافتہ قیدیوں پر نافذ ہوگی، جنہیں دہلی کی فوجداری عدالتوں کے ذریعہ سزا سنائی گئی ہے۔ دہلی کی سنٹرل جیلوں یا دہلی سے باہر کی جیلوں میں سزا کاٹ رہے قیدیوں کو 26 جنوری کو چھوڑا جائے گا، بشرطیکہ وہ مقررہ شرائط کو پورا کرتے ہوں۔

Published: undefined

آشیش سود کا کہنا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کے لیے معافی کی حد اس طرح کی مقرر کی گئی ہے۔ 10 سال سے زائد کی سزا والے قیدیوں کو 90 روز، 5 سال سے زائد اور 10 سال تک کی سزا والے قیدیوں کو 60 روز، ایک سال سے زائد اور 5 سال تک کی سزا والے قیدیوں کو 30 روز اور ایک سال تک کی سزا والے قیدیوں کو 20 روز کی معافی دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر تمام قیدیوں کے لیے معافی کی حد مختلف ہوگی، جس میں 10 سال سے زائد کی سزا پر 60 روز، 5 سال سے زائد اور 10 سال تک کی سزا پر 45 روز، ایک سال سے زائد اور 5 سال تک کی سزا پر 30 روز اور ایک سال تک کی سزا پر 15 روز کی چھوٹ دی جائے گی۔

Published: undefined

دہلی کے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ یہ خصوصی معافی دہلی جیل کے قوانین 2018 کے تحت پہلے سے ملنے والی معافی کے علاوہ ہوگی۔ جو سزا یافتہ قیدی 26 جنوری کو پیرول یا فرلو پر ہوں گے وہ بھی اس معافی کے اہل ہوں گے، بشرطیکہ اس مدت کے دوران اس کے خلاف غلط طرز عمل کا کوئی معاملہ درج نہ ہوا ہو۔ یہ فائدہ صرف انہی قیدیوں کو دیا جائے گا، جنہیں گزشتہ ایک سال یعنی 26 جنوری 2025 سے 25 جنوری 2026 کے دوران جیل کے کسی بھی جرم کے لیے سزا نہ دی گئی ہے۔

Published: undefined

وزیر نے مزید بتایا کہ کچھ زمروں کے قیدی اس خصوصی معافی کے اہل نہیں ہوں گے۔ ان میں وہ قیدی شامل ہیں جنہیں سزائے موت دی گئی ہو یا جن کی سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کیا گیا ہو، نظر بند افراد، سول قیدی یا سرکاری واجبات کی عدم ادائیگی کے جرم میں بند قیدی، این ڈی پی ایس ایکٹ، پاکسو ایکٹ، سرکاری راز داری ایکٹ یا جاسوسی سے متعلق جرائم میں سزا یافتہ قیدی، کورٹ مارشل کے ذریعے سزا یافتہ، توہین عدالت کے مجرم یا بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کے تحت خواتین کے خلاف جرائم میں سزا یافتہ قیدی اور ایکٹ برائے دستاویزات مبادلہ اور دیگر مخصوص سول جرائم میں سزا یافتہ قیدی شامل ہیں۔

Published: undefined

اس کے علاوہ وزارت داخلہ کی جانب سے نوٹیفائیڈ استثنائی زمروں میں آنے والے معاملات بھی اس معافی کے دائرے سے باہر ہوں گے، جن میں آئین کے ساتویں شیڈول کی فہرست-1 میں درج موضوعات سے متعلق جرائم شامل ہیں۔ وزیر داخلہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہلی حکومت اصلاحی انصاف کے اصولوں پر کاربند ہے، ساتھ ہی عوامی تحفظ اور آئینی و قانونی دفعات کی سختی سے تعمیل کو یقینی بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔

Published: undefined