تصویر سوشل میڈیا
نئی دہلی: بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کی سرپرستی میں حج کمیٹی کے دفتر ’حج منزل‘ میں ایک باوقار یوگا سیشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام میں کمیٹی کے افسران، عملے اور میڈیا نمائندگان نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔
پروگرام کا آغاز حج کمیٹی کے ایگزیکٹو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے کیا۔ انہوں نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ کوثر جہاں کی رہنمائی میں بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر اس سیشن کا انعقاد نہ صرف صحت مند طرزِ زندگی کی طرف ایک مثبت قدم ہے بلکہ یہ ہندوستانی تہذیب کی اس سوچ کی عکاسی بھی کرتا ہے جس کے مطابق جسمانی اور ذہنی تندرستی ہی ایک مضبوط اور خوشحال سماج کی بنیاد ہے۔
Published: undefined
اشفاق احمد عارفی نے مزید کہا کہ 21 جون کا دن شمالی نصف کرہ میں سب سے طویل دن کے طور پر جانا جاتا ہے اور اقوامِ متحدہ کی جانب سے اسے عالمی یوگا دن قرار دیے جانے کے بعد یہ دن پوری دنیا میں ہندوستانی اقدار و نظریات کی پہچان بن چکا ہے۔ آج دنیا کے مختلف حصوں میں یوگا کو صحت، ذہنی سکون اور روحانی توازن کے اہم ذریعہ کے طور پر اپنایا جا رہا ہے، جو کہ ہندوستانی ثقافت کی عالمی قبولیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
اس موقع پر ڈپٹی ایگزیکٹو آفیسر محسن علی اور کمیٹی کے دیگر افسران نے بھی یوگا سیشن میں حصہ لیا اور اپنے تجربات شرکاء سے شیئر کیے۔ سیشن کے دوران شرکاء کو مختلف یوگا آسن، سانس کی مشقیں اور ذہنی یکسوئی بڑھانے کی تکنیکیں سکھائی گئیں۔
Published: undefined
یوگا سیشن کے اختتام پر چیئرپرسن کوثر جہاں نے اپنے خطاب میں تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں ہمیں نہ صرف جسمانی طور پر مضبوط بناتی ہیں بلکہ ذہنی سکون اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ میں بھی معاون ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یومِ یوگا کا انعقاد ایک صحت مند اور مضبوط معاشرے کے تئیں ہماری وابستگی کی علامت ہے۔‘‘
کوثر جہاں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ دہلی حج کمیٹی آئندہ بھی ایسے بامقصد پروگراموں کے انعقاد کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ قوم کی فلاح و بہبود اور عوامی شعور کی بیداری ممکن ہو سکے۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی صرف حج سے متعلق خدمات تک محدود نہیں بلکہ وہ سماجی، تعلیمی اور صحت سے متعلق امور میں بھی اپنا مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔ پروگرام کے آخر میں شُرَکاء کو یوگا کی اہمیت پر مبنی کتابچے بھی تقسیم کیے گئے اور انہیں اپنے روزمرہ معمولات میں یوگا کو شامل کرنے کی ترغیب دی گئی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined