قومی خبریں

دہلی میں اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان، 8 فروری کو ووٹنگ، 11 فروری کو کاؤنٹنگ

دہلی اسمبلی کی مدت 22 فروری کو ختم ہو رہی ہے اس لیے ووٹنگ 8 اور ووٹوں کی گنتی کے لیے 11 فروری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے۔ تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی کمیشن نے بورڈ امتحانات کو بھی دھیان میں رکھا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

انتخابی کمیشن نے دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے پریس کانفرنس کے دوران واضح کیا کہ 8 فروری کو دہلی میں اسمبلی انتخاب ایک ہی مرحلہ میں اختتام پذیر ہوگا اور ووٹوں کی گنتی 11 فروری کو ہوگی۔ ساتھ ہی چیف الیکشن کمشنر نے فوری اثر سے دہلی میں انتخابی ضابطہ اخلاق نافذ کرنے کا بھی اعلان کر دیا ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران سنیل اروڑا نے کہا کہ انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن 14 جنوری کو جاری ہو جائے گا جب کہ 21 جنوری امیدواروں کے ذریعہ نامزدگی کا پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ ہوگی۔ اس کے علاوہ اسکروٹنی کے لیے 23 جنوری کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور پھر امیدواروں کے ذریعہ نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 24 جنوری ہے۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ دہلی کی موجودہ اسمبلی کی مدت 22 فروری 2020 کو ختم ہو رہی ہے۔ تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی کمیشن نے بورڈ امتحان کو بھی دھیان میں رکھا ہے۔ کمیشن کے مطابق ووٹنگ کے لیے اسکولوں کا استعمال کیا جاتا ہے اس لیے 15 فروری سے شروع ہونے والے بورڈ امتحانات سے پہلے ہی اسمبلی انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل پورا کر لیا جائے گا۔

Published: undefined

پریس کانفرنس کے دوران چیف الیکشن کمشنر سنیل اروڑا نے بتایا کہ دہلی میں اس مرتبہ 2689 ووٹنگ مقامات ہوں گے جن پر 13750 ووٹنگ مراکز قائم کیے جائیں گے۔ ہر اسمبلی حلقہ میں ایک ماڈل ووٹنگ مرکز ہوگا۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب میں ووٹنگ مقامات کی تعداد 2530 تھی جب کہ لوک سبھا الیکشن میں یہ تعداد 2700 تھی۔

Published: undefined

واضح رہے کہ گزشتہ سال ہوئے لوک سبھا انتخاب میں دہلی کی سبھی 7 لوک سبھا سیٹوں پر بی جے پی نے قبضہ کر لیا تھا۔ انتخابی کمیشن نے دہلی میں ووٹروں کی نئی فہرست بھی جاری کی ہے۔ اس فہرست میں جن لوگوں کا نام نہیں ہوگا انھیں ووٹ کرنے کا حق نہیں دیا جائے گا۔ لوک سبھا انتخاب کے وقت انتخابی کمیشن کے ذریعہ جاری کی گئی فہرست میں دہلی میں 1 کروڑ 43 لاکھ 16 ہزار 453 ووٹرس تھے۔ ان میں 79.73 لاکھ مرد جب کہ 65.73 لاکھ خاتون ووٹرس تھے۔ اس کے علاوہ ٹرانس جینڈر ووٹروں کی تعداد تقریباً 700 تھی۔ اس مرتبہ تقریباً 2.5 لاکھ نئے ووٹر اس فہرست میں شامل ہوئے ہیں۔ اس طرح سے دہلی میں ووٹروں کی تعداد 14692136 ہو گئی ہے۔ ان میں 80.55 لاکھ مرد جب کہ 66.35 لاکھ خاتون ووٹرس ہیں۔

Published: undefined

گزشتہ اسمبلی انتخاب میں دہلی کی 70 اسمبلی سیٹوں میں سے 67 پر قبضہ کر کے عام آدمی پارٹی نے مکمل اکثریت کے ساتھ تاریخی کامیابی حاصل کی تھی۔ بقیہ کی 3 سیٹیں بی جے پی کے حصے میں گئی تھیں۔ نئی دہلی انتخابی حلقہ سے بی جے پی امیدوار کرن بیدی کو شکست دے کر کیجریوال نے یہاں فتح کا پرچم لہرایا تھا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined