قومی خبریں

منریگا کا نام بدلنے پر پرینکا گاندھی کی تنقید، کہا- ’حکومت کے وسائل اور پیسے ضائع ہوں گے‘

منریگا کا نام بدل کر ’پوجیہ باپو دیہی روزگار یوجنا‘ کرنے کی خبروں پر کانگریس نے اعتراض کیا ہے۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ اس سے وسائل اور پیسہ ضائع ہوگا، جبکہ حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان نہیں آیا

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی / ویڈیو گریب</p></div>

پرینکا گاندھی / ویڈیو گریب

 

مہاتما گاندھی نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ (منریگا) کا نام تبدیل کیے جانے کی خبروں کے درمیان سیاسی حلقوں میں بحث تیز ہو گئی ہے۔ کانگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے اس مجوزہ فیصلے پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے حکومت کے وسائل ضائع ہوتے ہیں اور اضافی مالی بوجھ بھی پڑتا ہے۔

پرینکا گاندھی نے کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ آخر نام بدلنے کے پیچھے سوچ کیا ہے، خاص طور پر اس لیے کہ اس اسکیم کا تعلق مہاتما گاندھی کے نام سے جڑا ہوا ہے۔ ان کے مطابق، کسی بھی اسکیم کا نام تبدیل کرنے کا مطلب صرف تختیاں بدلنا نہیں ہوتا بلکہ دفاتر، دستاویزات اور سرکاری ریکارڈ میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کرنا پڑتی ہیں، جس پر خطیر رقم خرچ ہوتی ہے۔

Published: undefined

حالانکہ حکومت کی جانب سے اب تک اس معاملے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم بعض میڈیا رپورٹوں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ جمعہ کو ہوئی مرکزی کابینہ کی میٹنگ میں منریگا کا نام بدل کر ’پوجیہ باپو گرامین روزگار یوجنا‘ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان ہی رپورٹوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسکیم کے تحت کام کے دنوں کی تعداد 100 سے بڑھا کر 125 کیے جانے کی تجویز کو بھی منظوری دی گئی ہے۔

کانگریس کی ترجمان سپریہ شرینیت نے ایک ویڈیو بیان میں الزام لگایا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ 11 برسوں میں یو پی اے دور کی کم از کم 32 اسکیموں کے نام بدل کر انہیں اپنی کامیابی کے طور پر پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہی منریگا، جسے وزیر اعظم نریندر مودی کبھی کانگریس کی ناکامی قرار دیتے تھے، آج دیہی ہندوستان کے لیے سہارا بنی ہوئی ہے۔

Published: undefined

ادھر، شیوسینا (یو بی ٹی) کی رکن پارلیمنٹ پرینکا چترویدی نے کہا کہ نام بدلنے جیسے فیصلے مایوسی اور توجہ ہٹانے کی سیاست کی علامت ہیں۔ ان کے مطابق، اصل مسائل پر بات کرنے کے بجائے حکومت ایسے اقدامات کر رہی ہے جن سے عوام کی توجہ بٹائی جا سکے۔

واضح رہے کہ منریگا کو 2005 میں نیشنل رورل ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ کے طور پر نافذ کیا گیا تھا، جسے 2009 میں مہاتما گاندھی کے نام سے منسوب کیا گیا۔ اس اسکیم کا مقصد دیہی علاقوں کے ہر اہل خاندان کو ایک مالی سال میں کم از کم 100 دن کا اجرتی روزگار فراہم کرنا ہے، تاکہ دیہی روزگار اور معاشی تحفظ کو مضبوط بنایا جا سکے۔

Published: undefined