قومی خبریں

ذات پر مبنی مردم شماری: پی ایم مودی نے نتیش کے خط کا دیا جواب، 23 اگست کو ہوگی ملاقات

نتیش نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے بہار کے نمائندہ وفد کے ساتھ وزیر اعظم سے ملنے کا وقت مانگا تھا۔ وزیر اعظم کا بہت بہت شکریہ کہ 23 اگست کو ملنے کا انھوں نے وقت دیا۔‘‘

مودی اور نتیش، تصویر یو این آئی
مودی اور نتیش، تصویر یو این آئی 

ذات پر مبنی مردم شماری کو لے کر بات چیت کے لیے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ایک خط لکھا تھا جس میں ملاقات کے لیے وقت کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اب اس خط کا جواب نتیش کمار کو موصول ہوا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ وہ آئندہ 23 اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اپنی بات رکھ سکتے ہیں۔ اس بات کی جانکاری نتیش کمار نے آج اپنے ایک ٹوئٹ کے ذریعہ دی۔

Published: undefined

19 اگست کی صبح کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں نتیش کمار نے وزیر اعظم نریندر مودی کا شکریہ ادا کیا ہے اور لوگوں کو اس جانکاری سے مطلع کیا ہے کہ وہ 23 اگست کو ملاقات کریں گے۔ ٹوئٹ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’ذات پر مبنی مردم شماری کے لیے بہار کے نمائندہ وفد کے ساتھ عزت مآب وزیر اعظم سے ملنے کا وقت مانگا تھا۔ عزت مآب وزیر اعظم کا بہت بہت شکریہ کہ 23 اگست کو ملنے کا انھوں نے وقت دیا۔‘‘

Published: undefined

وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے اس ٹوئٹ کے بعد سیاسی ہلچل شروع ہو گئی ہے اور دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرنے والے نمائندہ وفد میں کون کون لوگ شامل ہوں گے۔ اس درمیان جیتن رام مانجھی کی پارٹی ’ہم‘ (ہندوستانی عوام مورچہ) کا رد عمل سامنے آیا ہے۔ پارٹی ترجمن دانش رضوان کا کہنا ہے کہ ’’23 اگست کو ایک وفد ذات پر مبنی مردم شماری سے متعلق بات کرنے کے لیے وزیر اعظم سے ملنے جا رہا ہے۔ اس میں ہمارے لیڈر جیتن رام مانجھی بھی شامل ہوں گے۔‘‘

Published: undefined

دانش رضوان نے ذات پر مبنی مردم شماری کو وقت کی اہم ضرورت ٹھہراتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’ہمارا ایجنڈا صاف ہے کہ جب ملک میں سانپ، چھچھوندر اور بلیوں کی گنتی ہو سکتی ہے تو ذات پر مبنی مردم شماری سے لوگ کیوں بھاگ رہے ہیں۔ ہم لوگوں نے طے کیا ہے کہ 23 اگست کو ہم لوگ وزیر اعظم نریندر مودی سے ملیں گے اور ذات پر مبنی مردم شماری کرانے کا مطالبہ کریں گے۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined