قومی خبریں

بی جے پی نے ایم سی ڈی الیکشن کے لیے غنڈوں کو میدان میں اتار دیا: چودھری انل کمار

دہلی کانگریس صدر چودھری انل کمار نے کہا کہ ’’بی جے پی کے ذریعہ ایم سی ڈی الیکشن میں دولت، طاقت اور بندوق کے استعمال سے ماحول بگڑنے کے خطرے کی شکایت انتخابی کمیشن سے کرے گی۔‘‘

چودھری انل کمار (کانگریس)
چودھری انل کمار (کانگریس) تصویر بذریعہ پریس ریلیز

دہلی پردیس کانگریس کمیٹی کے صدر چودھری انل کمار نے آج اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’دہلی میونسپل کارپوریشن (ڈی ایم سی) الیکشن میں بی جے پی کو اپنی شکست کا یقین ہو گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس نے جیت کے لیے دولت، طاقت اور بندوق کی بات کرنی شروع کر دی ہے۔ وہ چاہتی ہے کہ دولت، طاقت اور بندوق کا استعمال کر کسی طرح انتخاب میں جیت حاصل کی جائے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’بی جے پی نے ایم سی ڈی الیکشن میں غنڈوں کو میدان میں اتار دیا ہے۔ وہ غنڈہ گردی کرنے والوں کو اسٹار پرچارک بنا کر پیش کر رہی ہے۔ جس کی سیدھی مثال بی جے پی یوتھ وِنگ کے صدر کی ویڈیو ہے جو ٹرینڈ کر رہی ہے۔ اس میں بی جے پی یوتھ صدر اور بی جے پی لیڈر کارپوریشن میں اپنے مخالف امیدواروں کے خلاف دولت، طاقت اور بندوق کا استعمال کر کسی بھی قیمت پر انتخاب جیتنے کی پالیسی بنا رہے ہیں۔‘‘

Published: undefined

بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے چودھری انل کمار نے کہا کہ دہلی کانگریس جلد ہی بی جے پی اسٹار پرچارکوں کے ذریعہ غنڈہ گردی اور انتخاب میں دولت، طاقت و بندوق کا استعمال کیے جانے کی شکایت انتخابی کمیشن اور دہلی پولیس سے کرے گی تاکہ دہلی میں انتخاب کے وقت ماحول خراب نہ ہو۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آنے والے وقت میں بی جے پی دہلی کو کس طرف لے جانا چاہتی ہے، یہ اس کے نفرت پھیلانے والے لیڈروں نے ظاہر کر دیا ہے۔ بی جے پی کے ان پرچارکوں نے دہلی کو پہلے بھی نفرت کی آگ میں دھکیلا اور مذہبی نفرت پھیلائی تھی۔ بی جے پی نے ہمیشہ دہلی میں زہر گھولنے کا کام کیا ہے۔‘‘

Published: undefined

چودھری انل کمار نے کہا کہ ایم سی ڈی الیکشن سے متعلق بی جے پی کی غنڈہ گردی اور امیدواروں کو ڈرانے کی سرگرمیوں پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ سی اے اے/این آر سی کا مسئلہ ہو، ہندو-مسلم کا مسئلہ ہو، دہلی فسادات کا مسئلہ ہو، اروند کیجریوال ہمیشہ خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ وہ مزید کہتے ہیں ’’اروند کیجریوال کی خاموشی دہلی کے لیے نقصاندہ ہے، لیکن دہلی کانگریس چپ نہیں بیٹھے گی۔ پارٹی اس کے خلاف انتخابی کمیشن جائے گی۔ ہم دہلی پولیس سے گزارش کرتے ہیں کہ بی جے پی یوتھ وِنگ کے غنڈہ گردی کرنے والوں کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں حراست میں لیں۔‘‘

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined