قومی خبریں

بہار: کورونا سے اموات میں اچانک اضافہ پر سیاسی گھمسان، حزب اختلاف نتیش حکومت پر حملہ آور

تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’نتیش جی! اتنا جھوٹ مت بولیے اور بلوائیے کہ اس کے بوجھ تلے دبنے کے بعد کبھی اٹھ بھی نا سکے۔ جب پھنس گئے تو ایک دن میں اموات کی تعداد میں 4 ہزار کا اضافہ کر دیا!‘‘

نتیش کمار، تصویر یو این آئی
نتیش کمار، تصویر یو این آئی 

پٹنہ: بہار میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران حزب اختلاف اعداد و شمار میں گڑبری کے حوالہ سے نتیش حکومت پر حملہ آور ہو رہی ہے۔ دریں اثنا، بدھ کے روز محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مرنے والے افراد کی تعداد میں اچانک اضافہ ہو گیا۔ اس معاملہ میں نتیش حکومت پھر سے حزب اختلاف کے نشانہ پر آ گئی ہے۔ تیجسوی یادو نے نتیش پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کیا ہے جبکہ کانگریس لیڈر پریم چندر مشرا نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’آپدا (آفت) میں اوسر (موقع) تلاش کرنا کوئی نتیش حکومت سے سیکھے!‘‘

Published: undefined

خیال رہے کہ بہار کے محکمہ صحت کی بدھ کے روز جاری رپورٹ کے مطابق ریاست میں اب تک کورونا سے 9429 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ جبکہ منگل کے روز تک جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے صرف 5458 افراد کی موت ہی ظاہر کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق 7 جون کو فوت ہونے والے افراد کی تعداد 5424 تھی۔

Published: undefined

ریاست میں کورونا سے ہوئی اموات میں بے تحاشہ اضافہ کے بعد اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے جمعرات کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئٹ کر کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ہدف تنقید بنایا۔ آر جے ڈی لیڈر نے ٹوئٹر میں لکھا، ’’نتیش جی! اتنا جھوٹ مت بولیے اور بلوائیے کہ اس کے بوجھ تلے دبنے کے بعد کبھی اٹھ بھی نا سکے۔ جب پھنس گئے تو ایک دن میں اموات کی تعداد میں 4 ہزار کا اضافہ کر دیا! لیکن تعداد بتا رہی ہے کہ اس سے 20 گنا زیادہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ نتیش حکومت فرضی ہے تو اعداد و شمار بھی فرضی ہی ہوں گے۔‘‘

Published: undefined

کانگریس لیڈر پریم چندر مشرا نے سوال کیا ہے کہ آخر کیا وجہ ہے کہ نتیش حکومت کورونا سے ہونے والی 70 فیصد اموات کو چھپا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف راجدھانی پٹنہ میں 7 جون تک حکومت نے بتایا کہ تقریباً 1200 افراد کی موت ہوئی ہے۔ مگر 8 جون کو بتا دیا کہ 2200 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی اسپتال میں جو لوگ فوت ہوئے ان کی تعداد تاحال سامنے نہیں آ پائی ہے۔

Published: undefined

کانگریس لیڈر نے کہا کہ اموات کی تعداد کے فرق سے واضح ہو چکا ہے کہ بہار حکومت پوری طرح سے بدعنوان ہو چکی ہے اور کورونا سے ہونے والی اموات میں بھی فرضی واڑہ کر رہی ہے۔ نیز، کانگریس کا خیال ہے کہ بہار میں 50 ہزار سے زیادہ افراد اس انفیکشن کے سبب دم توڑ چکے ہیں۔

Published: undefined

ادھر، جن ادھیکار پارٹی کے سربراہ اور سابق رکن پارلیمنٹ پپو یادو نے ٹوئٹر پر لکھا، کہ ’’بہار میں موت کا گھوٹالہ! پٹنہ میں کل ایک ہزار سے زیادہ لوگوں کی کورونا سے موت کی سچائی آخر کیا ہے؟ کہا جا رہا ہے کہ پہلے اموات کے اعداد و شمار کو چھپایا گیا تھا، اب انہیں جاری کیا گیا ہے۔ آخر یہ کھیل کس کا ہے؟ محکمہ صحت میں موت کی تعداد کا گھوٹالہ کون کر رہا ہے؟‘‘

Published: undefined

محکمہ صحت کے ایڈیشنل سکریٹری پرتیا امرت نے بتایا کہ 18 مئی کو ہی بہار حکومت نے کورونا سے ہونے والی اموات کے اعداد کے حوالہ سے جانچ کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے لئے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے اسپتالوں میں ہونے والی اموات اور دوسرے مقامات جیسے خانہ قرنطینہ، آئسولیشن، کورونا مرکز اور اسپتال لے جانے کے دوران ہونے والی اموات کا رکارڈ تیار کرایا ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined